پیمرا نے کالعدم تنظیم ٹی ایل پی کی میڈیا کوریج پر پابندی عائد کردی

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

اسلام آباد: پاکستان میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) نے جمعرات کو کالعدم تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) کی ٹیلی ویژن اور ریڈیو کوریج پر پابندی عائد کردی۔واضح رہے کہ کالعدم جماعت اسلام آباد کے لئے اپنا لانگ مارچ جاری رکھے ہوئے ہے۔

ریگولیٹری اتھارٹی کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق یہ ہدایات تمام سیٹلائٹ ٹیلی ویژن چینلز، ایف ایم ریڈیو اسٹیشنز اور ڈسٹری بیوشن سروس نیٹ ورکس پر لاگو ہوں گی۔

نوٹیفکیشن میں 15 اپریل کو وزارت داخلہ کے ایک سابقہ خط کا حوالہ دیا گیا تھا جس میں اس نے ٹی ایل پی کو ”دہشت گردی کی کارروائیوں میں ملوث ہونے” کی وجہ سے کالعدم تنظیم قرار دیا تھا اور اس کے بعد پیمرا کی جانب سے ٹی وی اور ریڈیو کوریج پر پابندی لگانے کے لیے جاری کردہ خط کا حوالہ دیا گیا تھا۔

مظاہرین اور پولیس اہلکاروں کے درمیان حالیہ جھڑپوں میں کم از کم پانچ اہلکار ہلاک اور 200 سے زائد زخمی ہوئے ہیں۔ حکومت نے یہ بھی اعلان کیا ہے کہ ٹی ایل پی کو ایک ”عسکریت پسند” گروپ سمجھا جائے گا – مذہبی جماعت نہیں۔

مزید پڑھیں: کالعدم ٹی ایل پی پر بھارت سے پیسہ لینے کاالزام اور مذاکرات، حکومت کے موقف میں تضاد کیوں ہے ؟

یہ پہلا موقع نہیں ہے جب پیمرا نے ٹی ایل پی کی میڈیا کوریج پر پابندی عائد کی ہو۔ اپریل میں، پیمرا نے ٹی ایل پی کو حکومت کی جانب سے کالعدم قرار دینے کے بعد اس کی ٹیلی ویژن اور ریڈیو کوریج پر پابندی عائد کر دی تھی۔