کپتان بابراعظم کی شاندار بیٹنگ، پاکستان کا انگلینڈ کو 170 رنز کا ہدف

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں

پاکستان نے انگلینڈ کے خلاف سیریز کے چھٹے میچ میں ناقص آغاز کے بعد کپتان بابراعظم کی نصف سنچری کی بدولت مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں پر 179رنز بنالیے۔

قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے جارہے اہم ٹی20 میچ میں انگلینڈ کے کپتان معین علی نے ٹاس جیتا اور بابراعظم کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دے دی۔

پاکستان نے بیٹنگ کا آغاز کیا تو اوپننگ کے لیے کپتان بابراعظم کے ساتھ اپنا پہلا میچ کھیلنے والے وکٹ کیپر محمد حارث میدان میں آئے اور ایک چھکا بھی لگایا۔محمد حارث پراعتماد بیٹنگ کرنے میں ناکام ہوئے تیسرے اوور میں گلیسن کی گیند پر آؤٹ ہوئے، اس وقت پاکستان نے سست بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 14 رنز بنائے تھے۔

شان مسعود بھی زیادہ دیر وکٹ پر ٹھہر نہ سکے اور کھاتہ کھولے بغیر ڈیوڈ ویلی کی گیند پر آؤٹ ہوگئے۔

حیدر علی آؤٹ ہونے والے تیسرے بلے باز تھے، جنہوں نے 14 گیندوں پر ایک چوکے اور ایک چھکے کی مدد سے 18 رنز بنائے۔

کپتان بابراعظم اور افتخار احمد نے چوتھی وکٹ پر اچھی شراکت کی، اس دوران بابر نے اپنی نصف سنچری مکمل کی۔

افتخار احمد 21 گیندوں پر 2 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 31 رنز بنا کر پویلین سدھار گئے۔

آصف علی ایک مرتبہ پھر ناکام ہوئے، 9 گیندوں کا سامنا کرنے کے بعد ایک چوکے کی مدد سے 9 رنز بنائے اور ڈیوڈ ویلی کی وکٹ بنے۔

محمد نواز نے آخر میں بیٹنگ کے لیے آئے اور 7 گیندوں میں ایک شان دار چھکے کی مدد سے 12 رنز بنائے۔

کپتان بابراعظم نے آؤٹ ہوئے بغیر 87 رنز کی اننگز کھیلی، جس میں 7 چوکے اور 3 چھکے شامل تھے اور 59 گیندوں کا سامنا کیا۔

انگلینڈ کی جانب سے ڈیوڈ ویلی نے سب سے زیادہ 2 وکٹیں حاصل کیں۔

اس سے قبل معین علی نے ٹاس جیتنے کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کنڈیشنز ہمیشہ اتنی مشکل نہیں ہوتیں، حالات سے نمٹنا ہوتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم آج اچھا کھیلیں گے، گزشتہ میچ میں وکٹ تھوڑی مشکل تھی لیکن ہدف حاصل کرکے میچ جیت لینا چاہیے تھا۔

انگلینڈ کے کپتان نے کہا کہ ٹیم میں دو تبدیلیاں کی گئی ہیں، مارک ووڈ اور کرس ووکس کو آرام دیا گیا ہے اور ان کی جگہ رچرڈ گلیسن اور ریس ٹوپلی کو شامل کیا گیا ہے۔

بابراعظم نے کہا کہ ٹاس میں کامیابی ملتی تو میں بھی پہلے فیلڈنگ کرتا کیونکہ اوس کا پہلو ہے لیکن 160 سے 170 کا ہدف دینے کی کوشش کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ میچ کے لیے دو تبدیلیاں کی ہیں، محمد رضوان اور حارث رؤف کو بیٹھا کر محمد حارث اور شاہنواز دھانی کو شامل کرلیا ہے۔

میچ کے لیے دونوں ٹیمیں ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہیں:

پاکستان: بابراعظم (کپتان)، محمد حارث (وکٹ کیپر)، شان مسعود، حیدرعلی، افتخار احمد، آصف علی، محمد نواز، شاداب خان، عامر جمال، شاہنواز دھانی، محمد وسیم۔

انگلینڈ: معین علی (کپتان)، الیکس ہیلز، ڈیوڈ ملان، بین ڈوکیٹ، ہیری بروکس، سیم کیوران، ڈیوڈ ویلی، عادل رشید، ریس ٹوپلی، رچرڈ گلیسن۔

Related Posts