پاکستان نے بھارتی وزیر خارجہ کے کشمیر میں قیامِ امن کے جھوٹے دعوے کو مسترد کردیا

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

پاکستان نے بھارتی وزیر خارجہ کے کشمیر میں قیامِ امن کے جھوٹے دعوے کو مسترد کردیا
پاکستان نے بھارتی وزیر خارجہ کے کشمیر میں قیامِ امن کے جھوٹے دعوے کو مسترد کردیا

گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں

پاکستان نے بھارتی وزیر خارجہ سبرامنیم جے شنکر کے مقبوضہ کشمیر میں قیامِ امن کے جھوٹے دعوے کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت مظلوم کشمیریوں پر جھوٹی بیان بازی سے دُنیا کو گمراہ کر رہا ہے۔ 

ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل نے  گزشتہ روز وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں میڈیا نمائندگان سے گفتگو کے دوران کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں امن و امان کی صورتحال معمول پر آنے کا بھارتی بیان گمراہ کن ہے۔ فرانسیسی اخبار کو دیا گیا بھارتی وزیر خارجہ کا انٹرویو غلط بیانی کا مظہر ہے۔

یہ بھی پڑھیں: محمد فیاض جیلانی پاک بحریہ کے وائس چیف آف نیول اسٹاف مقرر

دفترِ خارجہ کے ترجمان نے بھارتی وزیر خارجہ کے انٹرویو کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ اگر یہی بات ہے تو مقبوضہ کشمیر میں میڈیا کو جانے کی اجازت کیوں نہیں؟ پوری دنیا کی نظروں سے وادی کی صورتحال خفیہ کیوں رکھی جا رہی ہے؟

ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا کہ ریاستِ ہندوستان اقلیتوں کے خلاف منافرت پھیلانے میں ملوث ہے جبکہ بھارت دھونس، دھمکی اور جبری تسلط کے باوجود مظلوم کشمیریوں کو دبانے میں بد ترین ناکامی کا سامنا کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارتی وزیر خارجہ نے پاکستان پر الزام لگایا کہ ہم دہشت گردوں کی معاونت کرتے ہیں جو پاکستان کے کردار پر کیچڑ اچھالنے کی مذموم بھارتی میڈیا مہم اور پروپیگنڈے کا حصہ ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو پاکستان میں پکڑا گیا جو بھارت کے مذموم عزائم کا ثبوت ہے۔ یہ سفاک بھارت کا وہ چہرہ ہے جو ہم نے پوری دنیا کے سامنے بے نقاب کیا۔ 

یاد رہے کہ اس سے قبل  ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ  پاکستان ٹام لینٹس ہیومن رائٹس کمیشن کی مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی کھلی سماعت کابھرپور خیرمقدم کرتا ہے۔

 امریکی کانگریس کے ٹام لینٹس انسانی حقوق کمیشن کی کھلی سماعت 14 نومبر کو واشنگٹن ڈی سی میں منعقد ہوئی۔ ترجمان دفتر خارجہ نے 16 نومبر کو بتایاکہ کمیشن نے اپنے مشاہدات میں مقبوضہ جموں وکشمیر کی بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ متنازع حیثیت کو دوبارہ لاگو کیا ہے۔

مزید پڑھیں: پاکستان امریکی کانگریس کی مقبوضہ کشمیر پر سماعت کا خیر مقدم کرتا ہے، دفتر خارجہ

Related Posts