سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال، پاکستان اسٹاک مارکیٹ مسلسل تیزی کی جانب گامزن

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں 18.99پوائنٹس کا اضافہ
پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں 18.99پوائنٹس کا اضافہ

گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں

پاکستان اسٹاک مارکیٹ کی گزشتہ 1 ماہ کی کارکردگی کا اگر جائزہ لیا جائے تو گزشتہ 30 روز سے مارکیٹ میں کاروبار زیادہ تر مثبت رہا جبکہ چند ایک روز مارکیٹ پر مندی کے سائے بھی لہرائے۔

مجموعی طور پر اسٹاک مارکیٹ پر سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہوا اور پاکستان اسٹاک مارکیٹ مسلسل تیزی کی طرف گامزن ہے جس سے آئندہ کی صورتحال کا اندازہ لگایا جاسکتا ہے۔ 

آئیے  پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں ایک ماہ کی کاروبار کی صورتحال کا جائزہ لیتے ہیں اور یہ دیکھتے ہیں کہ مارکیٹ میں اب تک مجموعی طور پر کتنے پوائنٹس کا اضافہ ہوا اور مزید کاروباری مثبت اشاریے کیا ہیں۔

اسٹاک مارکیٹ کی جون کے دوران کارکردگی 

گزشتہ ماہ 19 جون کو کاروبار میں معمولی مندی دیکھی گئی۔ کے ایس ای 100 انڈیکس میں 100 اعشاریہ 91 پوائنٹس کی کمی ریکارڈ کی گئی جس سے مارکیٹ 33 ہزار 500 کی نفسیاتی حد سے نیچے گر گئی۔ کاروبار 33 ہزار 438 اعشاریہ 94 پوائنٹس پر ختم ہوا۔

بعد ازاں 22 جون کے روز کاربار میں مثبت رجحان دیکھا گیا۔ مارکیٹ میں 298 پوائنٹس کے اضافے کے ساتھ 33 ہزار 737 پوائنٹس کی سطح پر کاروبار کا اختتام ہوا۔ اگلے روز کاروبار میں 314 مزید پوائنٹس کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ کاروبار 34 ہزار 52 کی سطح پر ختم ہوا۔

اس کے بعد 24 اور 25 جون کو کاروبار میں مندی دیکھی گئی۔ 24 جون کو 17 اعشاریہ 96جبکہ 25 جون کو 325 اعشاریہ 02 پوائنٹس کی کمی ہوئی۔ کاروبار 33 ہزار 709 پوائنٹس کی سطح پر آگیا جس کے اگلے ہی روز ایک بار پھر کاروبار مثبت رہا۔

مارکیٹ میں 26 جون کو 229 اعشاریہ 86 پوائنٹس کا اضافہ دیکھا گیا جس سے کاروبار 33 ہزار 939 پوائنٹس پر ختم ہوا۔ 29 جون کو 242 اعشاریہ 31 جبکہ 30 جون کو 240 پوائنٹس کا اضافہ ہوا جس سے کاروبار مجموعی طور پر 34  ہزار 421 پوائنٹس پر ختم ہوا۔ یعنی 19 سے 30 جون کے دوران 900 سے زائد پوائنٹس کا اضافہ ہوا۔ 

جولائی کی کارکردگی 

رواں ماہ کے دوران بھی اسٹاک مارکیٹ کی کارکردگی مثبت رہی۔ یکم جولائی کے روز کاروبار میں 467 اعشاریہ 49 پوائنٹس کا اضافہ ہوا۔ مارکیٹ 34 ہزار 889 پوائنٹس پر بند ہوئی۔ 2 جولائی کو کاروبار میں 88 اعشاریہ 77 پوائنٹس کا معمولی اضافہ نوٹ کیا گیا۔

مثبت رجحان کے باعث 3 جولائی کو کاروبار میں 73 اعشاریہ 20 پوائنٹس کا اضافہ ہوا جس سے کاروبار 35 ہزار پوائنٹس کی سطح عبور کرگیا۔ 6 جولائی کو 151 اعشاریہ 39 پوائنٹس کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جبکہ 7 جولائی کو 170 اعشاریہ 58 پوائنٹس کا اضافہ ہوا۔

بدھ کے روز 8 جولائی کو کاروبار میں 321 پوائنٹس کا اضافہ ہوا جس سے مارکیٹ 35 ہزار 500 کی نفسیاتی سطح عبور کر گئی۔ مجموعی طور پر کاروبار 35 ہزار 694 پوائنٹس پر بند ہوا۔ 9 جولائی کو کاروبار کے دوران 447 پوائنٹس کا اضافہ ہوا جس سے مارکیٹ 36 ہزار 142 کی سطح  پر آگئی۔

دوسرے ہفتے کے دوران 10 جولائی کے روز بھی کاروبار میں مثبت رجحان دیکھا گیا۔ 48 اعشاریہ 23 پوائنٹس کے اضافے کے بعد مارکیٹ 36 ہزار 190 پوائنٹس کی سطح پر آئی جس کے بعد پیر کے روز بھی مثبت کاروبار ہوا۔ 428 اعشاریہ 17 پوائنٹس کا اضافہ ہوا۔

مسلسل مثبت رجحان کے باعث اسٹاک مارکیٹ 13 جولائی کو 36 ہزار 618 پوائنٹس پر بند ہوئی۔ 14 جولائی کو کاروبار کے دوران 126 اعشاریہ 65 پوائنٹس کا اضافہ ہوا۔ مارکیٹ 36 ہزار 745 پوائنٹس پر بند ہوئی جبکہ 15 جولائی کو منفی رجحان دیکھا گیا۔

منفی رجحان کے باعث 15 جولائی کو 66 اعشاریہ 19 پوائنٹس کی کمی دیکھی گئی جس سے کاروبار 36 ہزار 679 پوائنٹس کی سطح پر آگیا تاہم منگل کے روز ایک بار پھر مثبت رجحان غالب آگیا۔ 322 اعشاریہ 41 پوائنٹس کے اضافے کے بعد مارکیٹ 37 ہزار کی نفسیاتی حد عبور کر گئی۔

پیر کے روز یعنی 20 جولائی کو کاروبار کے دوران 319اعشاریہ 72 پوائنٹس کا اضافہ ہوا جبکہ مارکیٹ 37 ہزار 650 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوئی۔ آج 21 جولائی کو بھی کاروبار پر مثبت رجحان غالب ہے۔ کاروبار میں اب تک 89 پوائنٹس کا اضافہ ہوا ہے جبکہ مارکیٹ میں  37 ہزار 739 کی سطح پر تجارت جاری ہے۔

مجموعی کارکردگی کا جائزہ 

اگرہم اعدادوشمار کا جائزہ لیں تو پتہ چلتا ہے کہ 19 جون کو پاکستان اسٹاک مارکیٹ 33 ہزار 500 کی سطح پر ٹریڈ کر رہی تھی جو آج 37 ہزار 739 پر نظر آرہی ہے جس کا نتیجہ یہ نکلتا ہے کہ گزشتہ 1 ماہ کے دوران کاروبار میں 4 ہزار سے زائد پوائنٹس کا اضافہ ہوا۔

کاروبار کی یہ مثبت صورتحال سرمایہ کاروں کیلئے خوش آئند ہے جس کو مدِ نظر رکھتے ہوئے یہ اندازہ لگایاجاسکتا ہے کہ ملکی معیشت بہتری کی طرف گامزن ہے اور اعدادوشمار کے زیادہ تر اشاریے مثبت رجحانات ظاہر کرتے ہیں۔ 

آئندہ توقعات 

سرمایہ کاروں کو توقع ہے کہ آئندہ کچھ ہی روز میں پاکستان اسٹاک مارکیٹ 40 ہزار کی نفسیاتی حد عبور کر جائے گی، تاہم اسٹاک مارکیٹ ملکی حالات و واقعات سے براہِ راست متاثر ہوتی ہے جس کے پیشِ نظر قبل از وقت کچھ کہنا درست نہیں ہوگا۔

موجودہ صورتحال میں پاکستان اسٹاک مارکیٹ کے مثبت اشاریے ملکی معیشت کو استحکام عطا کرنے کا باعث ہوسکتے ہیں کیونکہ اسٹاک مارکیٹ کے اعدادوشمار ڈالر کی قیمتوں اور سونے کے لین دین کے ساتھ ساتھ اشیائے ضروریہ کی قیمتوں  پر بھی بالواسطہ اثر انداز ہوتے ہیں۔ 

تربت کا بم دھماکہ اور اسٹاک مارکیٹ

بلوچستان کے شہر تربت میں آج ہونے والے افسوسناک بم دھماکے میں 1 شخص جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہوگئے جس پر ملک بھر میں دہشت گردوں کے خلاف شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے۔

ایسے میں بعض نیوز چینلز نے یہ خبر چلائی کہ پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں بھی منفی اثر آیا اور اسٹاک مارکیٹ کے پوائنٹس گر گئے ہیں، تاہم معمولی منفی رجحان اسٹاک مارکیٹ پر زیادہ اثر انداز نہ ہوسکا۔

اب تک کے ایس ای 100 انڈیکس 169 اعشاریہ 53 پوائنٹس کا اضافہ ہوچکا ہے اور مارکیٹ میں 37 ہزار 820 پوائنٹس کی سطح پر کاروبار جاری ہے۔

آل شیئر انڈیکس میں 19 اعشاریہ 40، 30 انڈیکس میں 112 اعشاریہ 45 جبکہ این آئی ٹی میں 75 اعشاریہ 86 پوائنٹس کا اضافہ ہوا ہے جس سے پتہ چلتا ہے کہ مارکیٹ میں مثبت رجحان اب تک برقرار ہے۔ 

 

Related Posts