مریم اورنگزیب کا وزیراعظم عمران خان کو معاشی وائٹ پیپر کا جواب دینے کا چیلنج

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے وزیراعظم عمران خان کو معاشی وائٹ پیپر کا جواب دینے کا چیلنج کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران صاحب نے ملکی معیشت، قومی اثاثے،عوام کی روٹی، روزگار، کاروبار آئی ایم ایف میں گروی رکھ دیا۔

ترجمانوں کی معاشی کانفرنس پر رد عمل کا اظہار کرتے ہوئےمریم اورنگزیب نے کہاکہ عمران صاحب نے ملکی معیشت، قومی اثاثے،عوام کی روٹی، روزگار، کاروبار آئی ایم ایف میں گروی رکھ دیا۔

انہوں نے کہاکہ مسلم لیگ ن نے وزیراعظم نوازشریف کی قیادت میں سی پیک کے ذریعے ملک وقوم کے اثاثوں میں اضافہ کیا تھا۔ انہوں نے کہاکہ عمران صاحب کی پندرہ ماہ کی نالائقی پر حقائق نامہ جب سے جاری ہوا ہے، نالائقوں کی چیخیں بند نہیں ہورہیں۔

انہوں نے کہاکہ کرائے کے ترجمانوں کی چیخ وپکار مسلم لیگ (ن) کی معاشی کانفرنس کی کامیابی کا ثبوت ہے ۔ انہوں نے کہاکہ سچائی اور حقائق کی موجودگی میں آپ کا چور چور، ڈاکوڈاکو کا بیانیہ نہیں چل سکتا۔

انہوں نے کہاکہ وزیراعظم نوازشریف نے ملک میں روزگار، کاروبار میں اضافہ کیا، یہ تاریخ اور حکومتی ریکارڈ کا حصہ ہے، جواب دیں ۔ انہوں نے کہاکہ عمران صاحب گالی، دھمکی اور جھوٹ سے بہتر ہے کہ آپ حقائق کا سچ سچ جواب دیں۔

انہوں نے کہاکہ عمران صاحب پاکستان کی ترقی آدھی اور مہنگائی تین گنا زیادہ کرکے عوام کو سزا کیوں دی، جواب دیں۔ انہوں نے کہاکہ عمران صاحب حقائق نامے میں درج ایک سال میں دس ہزار 335 ارب روپے کا تاریخی قرض لینے کا جواب دیں۔

یہ بھی پڑھیں: العزیزیہ ریفرنس، اضافی دستاویزات جمع کرانے اور نواز شریف کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواستیں منظور

انہوں نے کہاکہ عمران صاحب ریکارڈ ٹیکس خسارے کا جواب دیں ،احسن اقبال نے وزیر داخلہ کے طورپر سچائی اور نیک نیتی سے ملک کی خدمت کی۔ انہوں نے کہاکہ کرائے کے ترجمان ملکی معیشت کو انڈے، کٹے، مرغی، بکریوں اور لنگر کے حوالے کرنے کا جواب دیں۔

انہوں نے کہاکہ عمران صاحب شہبازشریف سے حسد نہ کریں، محنت کریں، بزرگ کہتے ہیں کہ جلنے والے کا منہ کالا ہوجاتا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ عمران صاحب شہبازشریف نے چار میٹروز بنائیں، آپ سے اب تک ایک نہیں بن سکی۔

ترجمان نے کہا کہ عمران صاحب شہبازشریف نے پچپن ہزار میگاواٹ بجلی، موٹرویز اور سڑکیں بنائیں، آپ نے اپنے حامیوں کو بے وقوف بنایا۔ انہوں نے کہاکہ عمران صاحب اور ان کے ترجمان چیخنے چلانے کے بجائے پشاور میٹرو کے 125 ارب کے کھڈوں کا جواب دیں۔

انہوں نے کہاکہ عمران صاحب اسی لاکھ لوگ غربت کی لکیر سے نیچے کیوں چلے گئے، اس کا جواب دیں۔ انہوں نے کہاکہ عمران صاحب پندرہ ماہ میں ایک کروڑ نوکریوں میں سے کتنی نوکریاں عوام کو ملیں؟ جواب دیں۔

انہوں نے کہاکہ عمران صاحب پندرہ ماہ میں پچاس لاکھ گھروں میں کتنے عوام کو مل چکے ہیں؟ جواب دیں۔ انہوں نے کہاکہ عمران صاحب چور اور ڈاکو کے کھوکھلے نعروں کی بجائے معاشی حقائق نامے کا جواب دیں، قوم منتظر ہے۔

انہوں نے کہاکہ مسلم لیگ (ن) کے حقائق نامے کے آئینے میں اپنا عوام دشمن گھناونا چہرہ دیکھ کر حکومت کی چیخیں نکل گئی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ عمران صاحب کو چیلنج ہے کہ ہمارے پیش کردہ اعدادوشمار اور حقائق کو جھٹلاکر دکھائیں۔

انہوں نے کہاکہ اسحاق ڈار نے محنت، عقل مندی اور ایمانداری سے پاکستانی معیشت کو مضبوط و توانا کیا، دیوالیہ پن سے بچایا۔ انہوں نے کہاکہ اسحاق ڈار نے ملکی معیشت کو 5.8 فیصد ترقی تک بلند کیا اور مہنگائی کو تین فیصد کی کم ترین سطح پرلائے۔

انہوں نے کہاکہ اسحاق ڈار کے خلاف نالائق اور جھوٹی حکومت کے الزامات کو برطانوی حکومت، انٹروپول نے ردی کی ٹوکری میں پھینک دیا۔ انہوں نے کہاکہ مسلم لیگ ن نے حقائق کا سامنہ کیا تھا تنقید کرنے والوں کو سزائے موت کی چکیوں اور کال کوٹھریوں میں نہیں ڈالا۔