لانگ مارچ آخری آپشن، پی ٹی آئی حکومت کا 20 لاکھ افراد کے ساتھ نکلنے کا اعلان

تازہ ترین

تازہ ترین

خیبرپختونخوا کے وزیر اطلاعات شفیع جان نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے پاس لانگ مارچ کے سوا کوئی راستہ نہیں بچا، اس لیے 27 ستمبر کو 20 لاکھ افراد کے ساتھ پشاور سے مارچ کا آغاز کیا جائے گا۔

ایک نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے شفیع جان نے کہا کہ پارٹی کی کہیں شنوائی نہیں ہو رہی، اسی وجہ سے احتجاج کا راستہ اختیار کیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ لانگ مارچ ملک بھر میں اثرات مرتب کرے گا اور عوام بھرپور انداز میں اس میں شریک ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کی بہنوں کو ان سے ملاقات کی اجازت نہیں دی جا رہی، جبکہ گزشتہ نو ماہ سے عمران خان سے ملاقاتوں کا سلسلہ بھی بند ہے۔ ان کے بقول یہی صورتحال لانگ مارچ کے اعلان کی بڑی وجہ بنی۔

شفیع جان نے کہا کہ 27 ستمبر تک پارٹی کے تمام کارکنوں اور رہنماؤں کو متحد ہونا ہوگا، کیونکہ یہ تحریک بانی پی ٹی آئی کی رہائی کے لیے چلائی جا رہی ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ احتجاج آئین اور قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے پرامن انداز میں کیا جائے گا۔ ان کے مطابق تحریک تحفظ آئین پاکستان بھی لانگ مارچ کی حمایت کر رہی ہے اور 27 ستمبر کے مارچ میں شریک ہوگی، جبکہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا بھی اس مارچ کا حصہ ہوں گے۔

صوبائی وزیر اطلاعات نے مزید دعویٰ کیا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے ایک سینئر رہنما نے پی ٹی آئی قیادت سے رابطہ کیا ہے اور اس حوالے سے مشاورت جاری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر پیپلز پارٹی اپوزیشن کے مؤقف سے اتفاق کرتی ہے تو اسے حکومت کی حمایت اور آئینی عہدوں سے دستبردار ہونا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے ماضی میں حکومت کے حق میں ووٹ دیے، جن میں بجٹ کی منظوری بھی شامل ہے، اس لیے اگر وہ واقعی تبدیلی چاہتی ہے تو اسے حکومتی اتحاد سے الگ ہونا ہوگا۔

Related Posts