صرف آئی فون 18 پرو نہیں بلکہ بہت کچھ! ایپل آج رات 10 بجے دنیا کو کردے گا حیران

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ فائل)

ٹیکنالوجی کی دنیا کی نظریں آج ایپل کے بڑے لانچ ایونٹ پر مرکوز ہیں جہاں کمپنی کی جانب سے آئی فون کے نئے ماڈل سمیت متعدد نئی ڈیوائسز متعارف کروائے جانے کا امکان ہے۔ ایپل نے رواں سال کے ایونٹ کے لیے سرپرائز اینڈ شائن کا عنوان دیا ہے۔

ایپل کا خصوصی ایونٹ 9 ستمبر کو صبح 10 بجے پیسیفک ٹائم شروع ہوگا جو پاکستان میں رات 10 بجے بنتا ہے۔پاکستانی صارفین ایونٹ کو ایپل کی ویب سائٹ Apple TV اور YouTube کے ذریعے براہِ راست دیکھ سکیں گے۔

آئی فون 18 سے متعلق کیا توقعات ہیں؟

ایپل نے لانچ سے قبل متعارف کرائی جانے والی مصنوعات کی باضابطہ تفصیلات جاری نہیں کیں تاہم مختلف رپورٹس کے مطابق ایونٹ میں آئی فون 18 پرو، آئی فون 18 پرو میکس نمایاں توجہ کا مرکز ہوسکتے ہیں۔

اس کے علاوہ ایپل کی جانب سے طویل عرصے سے زیرِ بحث پہلے فولڈ ایبل آئی فون کی رونمائی بھی متوقع ہے، جسے ممکنہ طور پر آئی فون الٹرا کے نام سے پیش کیا جاسکتا ہے۔

رپورٹس کے مطابق ایپل اس بار اپنی روایتی لانچ حکمت عملی میں بھی تبدیلی کرسکتا ہے۔ امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ عام ماڈل آئی فون 18 اور دیگر نسبتاً کم قیمت ڈیوائسز کو ستمبر کے بجائے موسمِ بہار 2027 میں متعارف کروایا جائے جبکہ موجودہ ایونٹ میں زیادہ توجہ پریمیم ماڈلز پر ہو۔

آئی فون 18 پرو میں کیا نیا ہوسکتا ہے؟

متوقع طور پر آئی فون 18 پرو سیریز میں ایپل کی نئی A20 Pro چپ استعمال کی جائے گی جسے مبینہ طور پر 2 نینو میٹر ٹیکنالوجی پر تیار کیا جائے گا۔

نئے فونز میں کیمرا سسٹم میں بہتری، Dynamic Island کے حجم میں ممکنہ کمی، بیٹری کارکردگی میں اضافے اور Camera Control فیچر میں تبدیلیوں کی بھی اطلاعات ہیں۔

دوسری جانب فولڈ ایبل آئی فون ایپل کے ڈیزائن میں کئی برس بعد ایک بڑی تبدیلی ثابت ہوسکتا ہے۔ رپورٹس کے مطابق یہ کتاب کی طرح کھلنے اور بند ہونے والے ڈیزائن کے ساتھ بڑے ڈسپلے کی سہولت فراہم کرے گا۔

نئی ایپل واچ اور ایئر پوڈز بھی متوقع

آج کا ایونٹ صرف آئی فونز تک محدود رہنے کا امکان نہیں۔ ایپل کی جانب سے ایپل واچ سیریز 12 اور ایپل واچ الٹرا 4 بھی متعارف کورائے جانے کی توقع ہے جبکہ نئے ایئر پوڈز کی رونمائی بھی ممکن ہے۔

کمپنی اپنی نئی سافٹ ویئر اپ ڈیٹس، جن میں iOS 27، iPadOS 27 اور macOS Golden Gate شامل ہیں، کی ریلیز کی تاریخوں کا اعلان بھی کرسکتی ہے۔

پاکستانی صارفین کی نظریں نئی ڈیوائسز کی عالمی قیمتوں کے ساتھ ساتھ ان کی مقامی دستیابی، پی ٹی اے ٹیکس اور پاکستان میں متوقع حتمی قیمتوں پر بھی ہوں گی۔ ایپل کے اپنے ریٹیل اسٹورز پاکستان میں موجود نہیں تاہم نئے آئی فونز عالمی لانچ کے بعد عموماً مجاز اور دیگر مقامی چینلز کے ذریعے پاکستانی مارکیٹ میں دستیاب ہوجاتے ہیں۔

ایپل کا “Surprise and shine” ایونٹ آج 9 ستمبر کو پاکستانی وقت کے مطابق رات 10 بجے شروع ہوگا جسے صارفین کمپنی کے آفیشل آن لائن پلیٹ فارمز پر براہِ راست دیکھ سکیں گے۔

Related Posts