صرف ایک دن میں ڈرائیونگ لائسنس ملے گا! ای بائیک اسکیم میں شامل افراد کیلئے بڑی سہولت

تازہ ترین

تازہ ترین

پنجاب حکومت کی ایک لاکھ الیکٹرک بائیکس اسکیم میں درخواست دینے والے طلبہ کے لیے ٹریفک پولیس نے ڈرائیونگ لائسنس کے حصول کا عمل آسان کردیا۔

ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب وقاص نذیر نے صوبے بھر کے لائسنسنگ مراکز کو ای بائیک اسکیم کے طلبہ کو ترجیحی بنیادوں پر سہولت فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔ سی ٹی اوز اور ڈی ٹی اوز سمیت متعلقہ افسران طلبہ کی رہنمائی اور لائسنسنگ عمل تیز کرنے میں معاونت کریں گے۔

نئے انتظامات کے تحت اہل طلبہ ایک ہی دن میں موٹرسائیکل کا لرنر اور باقاعدہ ڈرائیونگ لائسنس حاصل کرسکیں گے جبکہ لرنر لائسنس کے بعد مستقل لائسنس کے لیے مقررہ 42 روزہ انتظار کی شرط بھی ختم کردی گئی ہے۔

ای بائیک اسکیم سے فائدہ اٹھانے کے لیے موٹرسائیکل کا درست ڈرائیونگ لائسنس لازمی ہے۔ پنجاب حکومت نے ایک لاکھ طلبہ کو ای بائیکس فراہم کرنے کے لیے حال ہی میں درخواستیں طلب کی ہیں، جس کا مقصد طلبہ کے لیے سفری سہولت بہتر بنانا اور ماحول دوست ٹرانسپورٹ کو فروغ دینا ہے۔

ٹریفک پولیس کے مطابق گزشتہ آٹھ روز میں صوبے بھر میں 222,000 سے زائد موٹرسائیکل لائسنس جاری کیے گئے جبکہ رواں ماہ 6,500 سے زائد کم عمر ڈرائیونگ پرمٹس بھی جاری ہوچکے ہیں۔

ڈی آئی جی ٹریفک نے لائسنسنگ مراکز کو طلبہ کے لیے سہولیات یقینی بنانے کے ساتھ ڈرائیونگ اور روڈ سیفٹی تربیت پر بھی توجہ دینے کی ہدایت کی ہے تاکہ نئے سوار ذمہ دار اور محفوظ انداز میں گاڑی چلائیں۔

Related Posts