میر رضا علی کیس کی تحقیقات میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں 28 جولائی کو ہونے والی آخری فون کالز اور موصول ہونے والے میسجز کی تفصیلات منظرعام پر آگئی ہیں۔ تفتیشی ذرائع کے مطابق ان افراد سے بھی پوچھ گچھ کا فیصلہ کیا گیا ہے جن سے میر رضا علی نے آخری مرتبہ رابطہ کیا تھا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ 28 جولائی کو میر رضا علی نے مجموعی طور پر تین فون کالز کے دوران دو مختلف افراد سے بات چیت کی۔ تحقیقات کے مطابق رات 2:13 اور 2:16 بجے انہوں نے علی نامی شخص سے دو مرتبہ ٹیلیفونک گفتگو کی۔
تفتیشی ذرائع کے مطابق میر رضا علی کی آخری فون کال ان کے دوست عبداللہ کی تھی، جسے انہوں نے ریسیو کیا۔ دونوں کے درمیان تین منٹ سے زائد دورانیے تک گفتگو ہوئی، جس کے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔
تحقیقات میں یہ بھی سامنے آیا ہے کہ میر رضا علی کے موبائل فون پر آخری آٹھ میسجز رات 4:20 سے 4:22 بجے کے درمیان موصول ہوئے، تاہم انہوں نے ان پیغامات کا کوئی جواب نہیں دیا۔
تفتیشی حکام کے مطابق آخری کالز اور میسجز بھیجنے والے تمام افراد سے پوچھ گچھ کی جائے گی تاکہ واقعے سے متعلق مزید حقائق سامنے لائے جا سکیں۔ موبائل فون کے ریکارڈ، کال ڈیٹا اور دیگر ڈیجیٹل شواہد کا بھی تفصیلی تجزیہ جاری ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ تحقیقات کا مقصد میر رضا علی کی آخری سرگرمیوں اور ان کے رابطوں کی مکمل تصویر سامنے لانا ہے، تاکہ کیس میں موجود تمام پہلوؤں کا باریک بینی سے جائزہ لیا جا سکے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








