چھ ماہ میں میر رضا نے کتنی کرپٹو ٹرانزیکشنز کیں؟ اہم ڈیٹا حاصل کرلیا گیا

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ فائل)

کراچی کے نوجوان مقتول تاجر میر رضا کے کرپٹو اکاؤنٹس سے متعلق اہم ڈیٹا تحقیقاتی اداروں کے ہاتھ لگ گیا ہے جس سے گزشتہ چھ ماہ کے دوران ہونے والی کرپٹو ٹرانزیکشنز کی مکمل تفصیلات سامنے آنے کی توقع ہے۔

ذرائع کے مطابق میر رضا کیس کی تحقیقات میں اہم پیشرفت ہوئی ہے اور نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) نے مقتول کے بائنانس اکاؤنٹ سمیت گزشتہ چھ ماہ کا کرپٹو ڈیٹا حاصل کرلیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ کئی صفحات پر مشتمل کرپٹو ڈیٹا رپورٹ، جو کال ڈیٹا ریکارڈ (CDR) کی طرز پر تیار کی گئی ہے تحقیقاتی کمیٹی اور جوڈیشل کمیشن کو بھی فراہم کردی گئی ہے۔

پولیس حکام نے ڈیٹا کی تکنیکی نوعیت اور پیچیدگی کے باعث نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) سے اس کا تفصیلی تجزیہ کرنے کی درخواست کی ہے تاکہ پیچیدہ معلومات کو آسان اور قابلِ فہم شکل میں پیش کیا جاسکے۔

پولیس ذرائع کے مطابق بیرون ملک سے موصول ہونے والا کرپٹو ڈیٹا انتہائی تکنیکی نوعیت کا ہے، جسے عام پولیس افسران کے لیے سمجھنا آسان نہیں۔ اسی وجہ سے این سی سی آئی اے کے ماہرین ڈیٹا کا باریک بینی سے تجزیہ کر رہے ہیں۔

تحقیقات میں یہ بھی معلوم کیا جائے گا کہ میر رضا نے گزشتہ چھ ماہ کے دوران روزانہ کی بنیاد پر کتنی کرپٹو ٹرانزیکشنز کیں اور ان کی نوعیت کیا تھی۔

ذرائع کے مطابق حاصل کردہ ڈیٹا کی سافٹ کاپی متعلقہ حکام کو بھی ارسال کردی گئی ہے، جبکہ این سی سی آئی اے کی جانب سے مکمل تجزیاتی رپورٹ جلد پولیس کو فراہم کیے جانے کا امکان ہے۔

Related Posts