کورونا کیسزمیں اضافہ،ملک کے مختلف شہروں میں اسمارٹ اور مکمل لاک ڈاؤن کا فیصلہ

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

کورونا کیسزمیں اضافہ،ملک کے مختلف شہروں میں اسمارٹ اور مکمل لاک ڈاؤن کا فیصلہ
کورونا کیسزمیں اضافہ،ملک کے مختلف شہروں میں اسمارٹ اور مکمل لاک ڈاؤن کا فیصلہ

گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں

کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز کے پیشِ نظر این سی او سی سفارشات کے تحت وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور لاہور سمیت ملک کے مختلف شہروں میں اسمارٹ اور مکمل لاک ڈاؤن کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق پنجاب حکومت نے لاہور، فیصل آباد، گوجرانوالہ، راولپنڈی، ملتان، گجرات، سیالکوٹ، سرگودھا اور شیخوپورہ میں مکمل لاک ڈاؤن کا فیصلہ کر لیا۔ باوثوق ذرائع کا دعویٰ ہے کہ لاک ڈاؤن آج رات سے 8 اپریل تک نافذ کیا جائے گا۔

لاہور میں کورونا کیسز میں ہوش ربا اضافے کے باعث محکمۂ صحت پنجاب کی جانب سے شہر بھر میں مکمل لاک ڈاؤن کی سفارشات تیار کر لی گئیں۔ کابینہ کمیٹی برائے انسدادِ کورونا کے سامنے لاہور پر مکمل لاک ڈاؤن نافذ کرنے کی سفارش کی جائے گی۔

محکمۂ صحت پنجاب کی سفارشات کے تحت لاہور کے تمام شادی ہالز، ریسٹورنٹ اور پبلک ٹرانسپورٹ مکمل طور پر بند کرنے کی تجویز پر غور کیا جائے گا۔ لاہور میں تمام کاروباری مقامات اور مارکیٹس بھی مکمل طور پر بند کیے جانے کا امکان ہے۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کورونا کیسز میں تشویشناک اضافے کے بعد شہری انتظامیہ نے آج دوپہر سے شہر کے مختلف علاقوں میں اسمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کردیا ہے۔عوام کو بلا ضرورت گھروں سے نہ نکلنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ 

شہرِ اقتدار کے علاقے بحریہ ٹاؤن فیز 2 اور 3، سوہان گارڈن بلاک بی، بارہ کہو، سیکٹر جی 8، 9 اور 10 کے کچھ علاقوں کے علاوہ سیکٹر آئی 8 اور جی 11 میں بھی لاک ڈاؤن آج دوپہر سے نافذ ہوگا۔ عوام کو کورونا ایس او پیز کی سختی سے پابندی کی ہدایت کی گئی ہے۔

اسلام آباد کے علاقے پی ڈبلیو ڈی بلاک سی (بی اور ای سیکٹر)، کورنگ ٹاؤن، پاکستان ٹاؤن فیز 1، نیشنل پولیس فاؤنڈیشن بلاک اے، ڈی ایچ اے ٹو میں بھی اسمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کردیا گیا۔ لاک ڈاؤن والے علاقوں میں تمام دکانیں، شاپنگ مالز، ریسٹورنٹس اور آفسز بند رہیں گے۔

شہری انتظامیہ کے جاری کردہ نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ لاک ڈاؤن کے علاقوں میں ہر طرح کے عوامی اجتماعات پر پابندی ہوگی۔ صرف اشیائے خوردونوش کی دکانیں صبض 9 بجے سے شام 7 بجے تک جبکہ میڈیکل اسٹورز 24 گھنٹے کھلے رہیں گے۔

مذکورہ تمام علاقوں میں آج دوپہر 12 بجے سے لاک ڈاؤن نافذ کردیا جائے گا جو آج سے 9 اپریل تک بدستور نافذ رہے گا۔ کورونا کیسز میں اضافے کے پیشِ نظر لاک ڈاؤن کی مدت میں توسیع بھی کی جاسکتی ہے۔

دوسری جانب اسلام آباد کے تعلیمی اداروں میں بھی ہر قسم کی تعلیمی سرگرمیوں پر پابندی عائد ہے۔ آج سے شروع ہونے والے یا جاری تمام امتحانات کو منسوخ کردیا گیا۔ تعلیمی اداروں پر پابندیاں 11 اپریل تک نافذ رہیں گی۔

کوئٹہ میں بڑھتے ہوئے کورونا کیسز کے پیشِ نظر 15 روز کیلئے دفعہ 144 نافذ کردی گئی۔ اس دوران ہر قسم کے اجتماعات اور سیاسی و سماجی سرگرمیوں پر پابندی عائد ہوگی۔ 5 سے زائد افراد ایک جگہ جمع نہیں ہوسکیں گے۔

پشاور کے مختلف علاقوں میں بھی اسمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کیا گیا ہے جن میں حیات آباد، صدر، گلبہار اور فقیر آباد شامل ہیں۔ متاثرہ علاقوں میں باہر سے آنے والے شہریوں کو داخل ہونے کی یا عوام کو گھروں سے نکلنے کی اجازت نہیں ہوگی۔ مساجد میں صرف 5 افراد باجماعت نماز پڑھ سکیں گے۔ 

یہ بھی پڑھیں: کورونا کے 4 ہزار 525 نئے کیسز رپورٹ، 41مزید شہری جاں بحق

Related Posts