کراچی میں ہلکی پھلکی بارش شروع، شہری خوشگوار موسم کا لطف اٹھانے لگے

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

کراچی میں ہلکی پھلکی بارش شروع، شہری خوشگوار موسم کا لطف اٹھانے لگے
کراچی میں ہلکی پھلکی بارش شروع، شہری خوشگوار موسم کا لطف اٹھانے لگے

گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں

شہرِ قائد کے مختلف علاقوں میں آج  ہلکی پھلکی بارش اور بوندا باندی شروع ہو گئی جبکہ شہری روزمرہ معمولاتِ زندگی کے دوران خوشگوار موسم کا بھی  لطف اٹھانے لگے ہیں۔ 

تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقوں گلشنِ حدید، بن قاسم، فیڈرل بی ایریا، نارتھ کراچی، نارتھ ناظم آباد، ناگن چورنگی، ڈرگ روڈ، بفرزون اور حیدری کے ساتھ ساتھ دیگر متعدد علاقوں میں بھی ہلکی پھلکی بارش شروع ہوگئی۔

گزشتہ کچھ روز سے شدید گرمی اور کے الیکٹرک کی طرف سے غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کے باعث شہری مشکلات کا شکار تھے، تاہم آج ہلکی پھلکی بارش سے ماحول خوشگوار ہوگیا۔

کراچی میں شہریوں کی بڑی تعداد کورونا وائرس کی روک تھام کیلئے لاک ڈاؤن کے دوران گھروں سے باہر نہیں نکلتی، جو آج بے شمار گھروں کی چھتوں پر موسم کا لطف اٹھانے کیلئے امڈ آئی ہے۔ 

شہر کے مختلف علاقوں میں خوشگوار بارش کے ساتھ ساتھ ٹھنڈی ہوائیں چل رہی ہیں جس سے گرمی کی شدت اور حبس میں کمی آئی ہے جبکہ محکمۂ موسمیات کے مطابق بارش رات تک جاری رہے گی۔

محکمۂ موسمیات کی پیشگوئی کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں تک شہر میں ہلکے پھلکے بادل دھوپ کی شدت میں کمی جاری رکھیں گے جبکہ موسم زیادہ تر علاقوں میں گرم اور خشک رہے گا۔

پیشگوئی کے مطابق کراچی میں 35 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل سکتی ہیں۔ شہر کا موجودہ درجۂ حرارت 29 سے 30 ڈگری سینٹی گریڈ ہے جو زیادہ سے زیادہ 37 ڈگری سینٹی گریڈ ہوسکتا ہے۔ 

یاد رہے کہ اس سے قبل  میئر کراچی وسیم اختر نے کہا کہ این ڈی ایم اے اور محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ مون سون بارشوں کے نتیجے میں اربن فلڈ آسکتا ہے، اس لئے بارشوں سے قبل فوری طور پر برساتی نالے صاف کئے جائیں۔

میئر کراچی وسیم اختر نے 9 روز قبل پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ مون سون کی بارشوں کا سلسلہ کسی بھی دن شروع ہونے والا ہے، پیش گوئی ہے کہ کراچی میں معمول سے زیادہ بارشیں ہونگی۔ کراچی کے نالوں کی صفائی اب تک شروع نہیں ہوسکی اور کے ایم سی کے پاس نالوں کی صفائی کے لئے فنڈز نہیں ہیں۔

مزید پڑھیں: کراچی میں بارشوں کی پیشگوئی،نالوں کی صفائی کیلئے فنڈز درکار

Related Posts