کراچی کے علاقے سلطان آباد میں گھر پر فائرنگ کے نتیجے میں خاتون جاں بحق ہوگئیں، پولیس نے مبینہ طور پر قتل کے شبے میں شوہر کو گرفتار کرلیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق سلطان آباد میں فائرنگ کا افسوسناک واقعہ جمعے کے روز پیش آیا۔ ڈاکس پولیس نے خاتون کے شوہر کو حراست میں لے کر واردات میں استعمال ہونے والا مبینہ اسلحہ بھی برآمد کرلیا۔ پولیس حکام نے میڈیا کو اس پیشرفت سے اتوار کے روز آگاہ کیا۔
یومِ آزادی کے روز 14 اگست کو ڈاکس تھانے کی حدود میں ہونے والی فائرنگ کے نتیجے مین جاں بحق خاتون کی شناخت زرمین کے نام سے ہوئی تھی۔ فائرنگ کے نتیجے میں خاتون موقعے پر ہی جاں بحق ہوگئی تھیں۔ مقتولہ کے شوہر نے مؤقف اختیار کیا کہ اسلحہ صاف کرتے ہوئے اتفاقیہ گولی چل گئی تھی جس کی وجہ سے یہ واقعہ رونما ہوا۔
تاہم پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی تحقیقات میں ایسے شواہد سامنے آئے جن سے قتل میں شوہر کے ملوث ہونے کا شبہ زور پکڑ گیا۔ بعد ازاں پولیس نے ملزم کو گرفتار کرکے مبینہ طور پر واردات میں استعمال ہونے والا 30 بور پستول برآمد کرلیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزم کی شناخت شوکت علی کے نام سے ہوئی ہے، جس کے خلاف پاکستان پینل کوڈ کی دفعہ 302 کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا۔تشویشناک طور پر ملزم سے برآمدہ پستول بھی لائسنس کے بغیر نکلا جس پر ملزم کے خلاف سندھ آرمز ایکٹ کی دفعہ 23 کے تحت الگ مقدمہ بھی درج کیا گیا ہے۔ ملزم سے مزید تفتیش جاری ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








