کراچی میں تبلیغی جماعت کے زیرِ اہتمام کورونا ایس او پیز کے تحت اجتماع کی تیاریاں مکمل

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

کراچی، تبلیغی اجتماع شروع ہونے سے قبل ہی شرکاء کی آمد شروع
کراچی، تبلیغی اجتماع شروع ہونے سے قبل ہی شرکاء کی آمد شروع

گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں

کراچی میں تبلیغی جماعت کے زیرِ اہتمام کورونا ایس او پیز کے تحت سالانہ اجتماع کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں جو کل سے شروع ہوگا۔

تفصیلات کے مطابق رواں برس ایس او پیز کے تحت اجتماع کو 2 حصوں میں تقسیم کیا گیا ہے۔ دونوں حصوں میں اجتماع کا انعقاد الگ الگ دنوں میں ہوگا۔ شرکائے اجتماع پر ماسک پہننا اور سماجی فاصلے کا اہتمام لازمی قرار دیا گیا ہے۔ اجتماع کا پہلا حصہ کل سے شروع ہوگا جبکہ دوسرے حصے کا اہتمام 6 فروری کی شام کو کیا گیا ہے۔

دونوں حصوں میں اجتماع میں 50، 50 ہزار افراد شریک ہوں گے۔ اجتماع گاہ کے اندرونی راستے جو بارشوں کے بعد تباہ حال تھے، انہیں ہموار کردیا گیا ہے۔ صفائی ستھرائی کیلئے تبلیغی جماعت کے 200 کارکنان کی ڈیوٹی لگا دی گئی۔ سیکیورٹی، پانی کی فراہمی، بجلی اور روشنی کے انتظامات کیلئے علیحدہ ٹیمیں کام کر رہی ہیں۔

شہرِ قائد کے علاقے اورنگی ٹاؤن میں قائم اجتماع گاہ میں 10 کینٹینز قائم کی گئی ہیں۔ سیکڑوں پختہ باتھ روم اور وضو خانے اجتماع گاہ کے اطراف میں موجود ہیں جبکہ پینے کے پانی کی سبیلیں بھی یہاں بنائی گئی ہیں۔ وسیع رقبے پر اجتماع گاہ میں پختہ عمارت قائم ہے جہاں خطاب کیلئے منبر بھی موجود ہے۔ منبر کے عقب میں انتظامیہ کیلئے کینٹین ہے۔

کینٹین کے علاوہ منبر کے عقب میں انتظامیہ کیلئے وضو خانے اور باتھ روم بھی موجود ہیں۔ عقب میں ایک پہاڑ کے ساتھ سڑک موجود ہے جو اجتماع گاہ کی دیوار کی دوسری سمت واقع ہے۔ یہاں سے سڑک پر 2 گیٹ کھیلتے ہیں جو پہلے ہموار نہیں تھی، تاہم اجتماع گاہ انتظامیہ نے بھاری مشینری منگوا کر راستے ہموار کر لیے۔

یہاں بیک وقت 50 ہزار سے زائد افراد کے 3 وقت کے کھانے کیلئے کینٹینز قائم ہیں۔ 2 کینٹینس منبر کے عقب میں انتظامیہ کیلئے ہیں جبکہ باقی اجتماع گاہ کی دائیں جانب قطار میں موجود ہی۔ کینٹینز میں روٹی کیلئے تندور، چپاتی کیلئے توے اور نان کیلئے بھٹیاں موجود ہیں۔ اجتماع گاہ میں روشنی کیلئے بھی انتظامات کیے جا رہے ہیں جبکہ صفائی اور کھلی جگہوں پر سائے کے انتظام کیلئے پردے لگائے جارہے ہیں۔

تبلیغی اجتماع کے پہلے حصے کے شرکاء 4 فروری کی صبح سے آنا شروع کردیں گے۔ انتظامیہ نے مخصوص مساجد کی تبلیغی جماعت کے صرف 12 افراد کو آمد کی اجازت دی ہے۔ ایک مسجد کے 12 افراد کو اکٹھا اجتماع گاہ پہنچنا ضروری ہے۔ انفرادی طور پر کوئی بھی شخص اجتماع گاہ نہیں آسکے گا۔ مساجد کے افراد اپنے اصل شناختی کارڈ ہمراہ لائیں گے جن کی چیکنگ گیٹ پر ہوگی۔

پہلا حصہ 4 فروری کی صبح شروع ہوگا جبکہ 6 فروری کی صبح پہلے حصے کا اختتام دعا کے ساتھ ہوگا۔ اجتماع کا دوسرا حصہ 6 فروری کی شام کو شروع ہوگا۔ پہلے حصے میں شریک کوئی بھی شخص دوسرے حصے میں شرکت کا اہل نہیں ہوگا۔ شرکائے اجتماع کو ہدایت کی گئی ہے کہ پلاسٹک کی تھیلیاں ساتھ لائیں تاکہ تمام تر کچرا ان تھیلیوں میں بھر کر اجتماع گاہ کے کناروں پر رکھا جاسکے۔

شرکائے اجتماع گیٹ نمبر 6، 8، 13 اور 19 سے داخل ہوں گے جبکہ گیٹ نمبر 6 سے گاڑیوں اور موٹر سائیکلز کو داخلے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ رات کے اوقات میں موسم سرد ہونے کے باعث شرکائے اجتماع کو سردی سے بچنے کیلئے گرم کپڑے پہننے یا ساتھ لانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ 

یاد رہے کہ کراچی میں کورونا وائرس کی روک تھام کیلئے ایس او پیز کے تحت تبلیغی جماعت کا اجتماع 4 فروری سے شروع ہورہا ہے تاہم گزشتہ روز یہ انکشاف سامنے آیا کہ  منگھوپیر میں سڑک پر جگہ جگہ سیوریج کے پانی اور گڑھوں کے باعث زائرین کو آمدورفت میں مشکلات پیش آئیں گی۔

 منگھو پیر سڑک کی صورتحال گزشتہ روز تک بد ترین تھی جہاں جگہ جگہ سیوریج کے پانی، سڑک پر گڑھوں اور دھول مٹی کے باعث ہزاروں افراد کا تبلیغی جماعت کے کراچی اجتماع میں پہنچنا اور اختتام پر گھروں کو روانگی ہونا مشکل دکھائی دیتی تھی۔

مزید پڑھیں: کراچی تبلیغی اجتماع ، سڑک کی بد ترین حالت، ہزاروں افراد کا پہنچنا مشکل

Related Posts