بھارتی نوجوانوں کو گٹر جنریشن کہنا مہنگا پڑ گیا، کنگنا رناوت وضاحت پر مجبور

تازہ ترین

تازہ ترین

کنگنا رناوت
(فوٹو: آن لائن)

بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی رکنِ پارلیمنٹ اور بالی ووڈ اداکارہ کنگنا رناوت نے کاکروچ جنتا پارٹی تحریک سے وابستہ بعض نوجوان مظاہرین کو “جنریشن گٹر” قرار دیتے ہوئے ان کے رویے پر سخت تنقید کی، جو مہنگی پڑ گئی۔اداکارہ کنگنا وضاحت پر مجبور ہوگئیں۔ 

تفصیلات کے مطابق انسٹاگرام پر احتجاجی مظاہروں کی ویڈیوز شیئر کرتے ہوئے کنگنا رناوت نے لکھا کہ انہوں نے اپنی زندگی میں ایک ہی جگہ اتنی “بدصورتی” پہلے کبھی نہیں دیکھی۔ ان کا کہنا تھا کہ ان مظاہرین کی زبان، انداز اور رویہ انتہائی نامناسب ہے، اور سوال اٹھایا کہ آخر ایسی نسل کی تربیت کون کر رہا ہے۔

اداکارہ کنگنا رناوت نے مزید کہا کہ بھارت خوبصورت لوگوں کا ملک ہے، مگر یہ افراد خود کو “کاکروچ” کہتے ہیں اور ان کا طرزِ عمل بھی ویسا ہی دکھائی دیتا ہے۔ ان کے مطابق خود کو کاکروچ کہنا کسی علامتی تشبیہ سے زیادہ دنیا کے سامنے گندگی، کوڑا کرکٹ اور بدصورتی کی نمائندگی کرنے کے مترادف ہے۔

کنگنا رناوت کا کہنا تھا کہ ان ویڈیوز کو دیکھ کر انہیں شدید ذہنی کوفت ہوئی، جس کے باعث اب انہیں کچھ سکون اور “ڈیجیٹل ڈیٹوکس” کی ضرورت محسوس ہو رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ میں ایسے مظاہرین کو “جنریشن گٹر” کہتی پوں کیونکہ  ان میں سے بعض کے پاس معاشرے یا نظام کو دینے کیلئے کوئی مثبت کردار نہیں، نہ وہ تعلیم میں نمایاں ہیں اور نہ ہی ذمہ دارانہ رویے کے حامل ہیں۔

بی جے پی رہنما کنگنا رناوت کے اس بیان پر اپوزیشن جماعتوں، کاکروچ جنتا پارٹی کے رہنماؤں اور سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے شدید تنقید کی گئی، جس کے بعد کنگنا رناوت نے ایک ویڈیو پیغام جاری کر کے وضاحت پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ ان کی تنقید پوری نوجوان نسلی یا جین زی کے خلاف نہیں تھی بلکہ صرف ان مظاہرین کے لیے تھی جو عوامی مقامات پر غیر اخلاقی زبان اور نامناسب رویہ اختیار کر رہے تھے۔

ان کا کہنا تھا کہ میڈیا نے میرے بیان کو اصل تناظر سے ہٹ کر پیش کیا۔ میں ماضی میں مختلف مواقع پر جنرل زی کے باصلاحیت نوجوانوں، کامیاب اسٹارٹ اپس اور امتحانات میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے طلبہ کی کھلے دل سے تعریف بھی کر چکی ہوں۔

Related Posts