اسلام آباد کے پاکستان انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پمز) اسپتال میں آتشزدگی کے افسوسناک واقعے کے بعد کراچی کے سب سے بڑے جناح اسپتال میں کسی بھی ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں اور عملے کو الرٹ کردیا گیا ہے۔
جناح اسپتال کے ایمرجنسی شعبے کے سربراہ اور جوائنٹ ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر محمد سلیمان، ڈاکٹر صنوبر اور دیگر حکام نے بتایا کہ پمز اسپتال کا واقعہ انتہائی افسوسناک ہے، اللہ تعالیٰ جاں بحق بچوں کے اہل خانہ کو صبر عطا فرمائے۔
اسپتال حکام کے مطابق جناح اسپتال میں تمام وارڈز، بچوں کے شعبے اور نرسری میں آگ بجھانے کے آلات نصب ہیں جبکہ متعدد ڈاکٹرز اور عملے کو فائر فائٹنگ کی تربیت بھی دی گئی ہے۔ ہنگامی صورتحال میں فوری انخلا کے راستے بھی موجود ہیں۔
حکام نے بتایا کہ جناح اسپتال کراچی میں روزانہ ہزاروں مریض علاج کے لیے آتے ہیں، جہاں تقریباً 2200 مریضوں کو داخل کرنے کی گنجائش ہے جبکہ او پی ڈی میں روزانہ 10 ہزار سے زائد افراد طبی سہولیات حاصل کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ چھوٹے پیمانے پر لگنے والی آگ پر اسپتال کا تربیت یافتہ عملہ قابو پا سکتا ہے، تاہم بڑے حادثے کی صورت میں کے ایم سی فائر بریگیڈ اور ریسکیو 1122 کی مدد حاصل کی جاتی ہے۔
اسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ بڑے سرکاری اسپتالوں میں مستقل فائر کنٹرول شعبہ، فائر ٹینڈرز اور مزید جدید سہولیات کی ضرورت ہے۔ پمز واقعے کے بعد جناح اسپتال میں مزید فائر سیفٹی مشقیں بھی کی جائیں گی جبکہ ریسکیو ٹیم کے قیام پر بھی کام جاری ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








