اسلام آباد: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے ملاقات کی جس میں مختلف سیاسی و مالی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ایوانِ صدرکی جانب سے جاری کیے گئے اعلامیے کے مطابق وزیر خزانہ نے ملاقات میں صدر مملکت کو ملکی معاشی اور مالی صورتحال پر بریفنگ دی۔
اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ صدر مملکت کو سیلاب سے متاثرہ علاقوں اور متاثرین کی بحالی کے حوالے سے بھی بریفنگ دی گئی۔
ذرائع کے مطابق ملاقات میں سیاسی معاملات کو افہام و تفہیم سے حل کرنے پر تبادلہ خیال ہوا جبکہ وفاقی وزیر خزانہ نے وزیراعظم شہباز شریف کا اہم پیغام بھی صدر مملکت کو پہنچایا۔
بریکنگ
اسلام آباد: صدر مملکت عارف علوی سے وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی ملاقات
اہم امور پر گفتگو pic.twitter.com/IGULlkw7H1— MM News TV (@mmnewsdottv) November 18, 2022
اسحاق ڈار نے پیغام دیا کہ صدر مملکت باہمی احترام اور سیاسی اعتدال کے لیے کردار ادا کریں، آئینی و قانونی امور پر ڈیڈلاک نہیں ہونا چاہیے۔
6 ماہ پہلے ہی بتادیا تھا کہ تبدیلی سرکار ہماری معیشت کو تباہی کے گھڑے میں اُتار دیگی، عمران خان
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا تھا کہ سیاسی امور کو بہتر ماحول اور قانونی و آئینی دائرے میں ہی حل کیا جاسکتا ہے۔
علاوہ ازیں صدر مملکت سے چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے بھی ملاقات کی جس میں ملکی معاملات اور موجودہ سیاسی صورتحال پر گفتگو ہوئی۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز بھی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے آصف علی زرداری اور مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کر کے انہیں نواز شریف کا پیغام پہنچایا تھا۔