امریکی دھونس، دھمکیاں اور وعدہ خلافی، ہر کارروائی کا جواب دیں گے۔ایران

تازہ ترین

تازہ ترین

باقر قالیباف
(فوٹو: آن لائن)

تہران: ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف نے کہا ہے کہ امریکی دھونس، دھمکیوں اور وعدہ خلافی کی ہر کارروائی کا جواب دیں گے۔ کوئی بھی کارروائی جواب سے محروم نہیں ہوگی۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں اسپیکر محمد باقر قالیباف نے کہا کہ اگر ایران پر حملہ ہوا تو امریکا پر بھی ہوگا، یہ واضح کرنا چاہتا ہوں۔ آبنائے ہرمز کی اہم بحری گزرگاہ امریکی دھمکیوں سے نہیں بلکہ ایرانی انتظامات کے تحت ہی کھلے گی۔

امریکا کو بے مقصد ہاتھ پاؤں مارنے سے گریز کا مشورہ دیتے ہوئے ایرانی اسپیکر نے کہا کہ جتنا ہاتھ پاؤں ماریں گے، اتنا ہی آپ مزید دلدل میں دھنستے چلے جائیں گے۔ واضح رہے کہ ایرانی اسپیکر کا یہ بیان حالیہ امریکی حملوں کے تناظر میں سامنے آیا ہے۔

اس سے قبل امریکا نے ایران پر ایک بار پھر فضائی حملے شروع کردئیے، ڈونلڈ ٹرمپ حکومت کا کہنا ہے کہ کارروائی کا مقصد آبنائے ہرمز میں جہاز رانی کو لاحق خطرات میں کمی لانا ہے۔ امریکی فضائی حملوں سے جنگ بندی ایک بار پھر کھٹائی میں پڑگئی۔

ایران نے امریکی حملوں کی شدید مذمت کی اور جوابی کارروائی کا عندیہ بھی دے دیا۔ دونوں ممالک کی جانب سے ایک دوسرے پر جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کا الزام بھی لگا رہے ہیں۔ تجزیہ کاروں کے مطابق جون کے وسط میں جنگ بندی کیلئے مفاہمتی یادداشت کے بعد سے یہ اب تک کی شدید ترین کشیدگی ہے۔

Related Posts