اقوام متحدہ: پاکستان کا جنسی تشدد کے خاتمے کیلئے عالمی اقدامات کا مطالبہ

تازہ ترین

تازہ ترین

پاکستان
(فوٹو: آن لائن)

پاکستان نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں مسلح تنازعات کے دوران ہونے والے جنسی تشدد کے خاتمے کیلئے مزید مؤثر، منصفانہ اور بلاامتیاز عالمی اقدامات پر زور دیا ہے۔ پاکستان کا مؤقف ہے کہ ایسے سنگین جرائم کی روک تھام کیلئے عالمی برادری کو مشترکہ اور عملی کردار ادا کرنا چاہیئے۔

اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار نے سلامتی کونسل کے کھلے مباحثے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جنگی حالات میں جنسی تشدد کوئی لازمی یا فطری نتیجہ نہیں، بلکہ اسے اکثر خوف پھیلانے، لوگوں کو دبانے اور اجتماعی سزا دینے کے ایک منظم ہتھیار کے طور پر استعمال کیا جاتا ہے۔

عاصم افتخار  نے کہا کہ اس نوعیت کے جرائم نہ صرف متاثرہ افراد کی زندگیاں شدید متاثر کرتے ہیں بلکہ خاندانوں کو ٹوٹ پھوٹ کا شکار اور معاشروں کو طویل عرصے تک ذہنی و سماجی زخموں سے دوچار کر دیتے ہیں۔ پاکستان نے مطالبہ کیا کہ سلامتی کونسل کے زیر غور تمام مسلح تنازعات اور غیر ملکی قبضے کی ہر صورتحال میں یکساں احتساب کو یقینی بنایا جائے۔

انہوں  نے کہا کہ متاثرین کو بروقت طبی، نفسیاتی، قانونی اور معاشی معاونت فراہم کرنا انتہائی ضروری ہے، جبکہ انصاف کی فراہمی اور ان کے وقار کی بحالی عالمی برادری کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ مستقل مندوب نے خواتین کے تحفظ کے نظام کو مزید مؤثر بنانے اور بین الاقوامی انسانی قانون پر مکمل عملدرآمد کی اہمیت بھی اجاگر کی۔

Related Posts