بھارتی گلوکار میکا سنگھ نے سوال اٹھایا ہے کہ بھارت میں پاکستان سے تعلق رکھنے والے مسلمانوں اور دبئی میں مقیم مسلمانوں کو مختلف نظر سے کیوں دیکھا جاتا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق میکا سنگھ نے باتیں دل سے پوڈکاسٹ میں گفتگو کے دوران پاکستان میں اپنے تجربات کا ذکر کیا اور وہاں کے لوگوں کے بارے میں اپنے خیالات کا اظہار کیا۔
میکا سنگھ نے بتایا کہ پاکستان کے دورے کے دوران انہوں نے مقامی مسلمانوں کو سکھ مذہبی مقامات کی دیکھ بھال اور صفائی میں تعاون کرتے دیکھا۔ ان کے مطابق وہاں کئی مسلمان گوردواروں میں خدمات انجام دیتے اور صفائی کے کام میں بھی حصہ لیتے تھے۔
گفتگو کے دوران بھارتی گلوکار نے پاکستان اور پاکستانی عوام کے حوالے سے کہا کہ انہیں پاکستان یا وہاں کے لوگوں میں کوئی برائی نظر نہیں آتی تاہم انہوں نے سوال کیا کہ آخر پاکستان کے مسلمانوں کو بعض بھارتیوں کی جانب سے ناپسندیدگی کی نظر سے کیوں دیکھا جاتا ہے جبکہ دبئی میں مقیم مسلمانوں کے بارے میں رویہ مختلف دکھائی دیتا ہے۔
میکا سنگھ نے پاکستان میں موجود سکھ مذہبی مقامات کی اہمیت اور وہاں اپنے تجربات کا بھی ذکر کیا۔ انہوں نے اپنے سابقہ دورۂ پاکستان سے متعلق یادیں بیان کرتے ہوئے مقامی لوگوں کے رویے پر بھی بات کی۔
2019 میں پاکستان آمد بھی تنازع کا باعث بنی تھی
میکا سنگھ اس سے قبل 2019 میں کراچی میں ایک تقریب میں پرفارم کرنے کے باعث بھارت میں تنازع کا شکار ہو چکے ہیں۔ یہ تقریب ایک سابق پاکستانی صدر پرویز مشرف کے قریبی رشتہ دار کی جانب سے منعقد کیے جانے کی اطلاعات سامنے آئی تھیں۔
بھارت اور پاکستان کے درمیان کشیدہ حالات کے دوران میکا سنگھ کی تقریب میں پرفارمنس کی ویڈیو سامنے آنے کے بعد بھارتی شوبز حلقوں میں ان کے خلاف ردعمل سامنے آیا تھا۔
بعد ازاں آل انڈیا سینی ورکرز ایسوسی ایشن اور فیڈریشن آف ویسٹرن انڈیا سینی ایمپلائز نے میکا سنگھ کے بائیکاٹ کا اعلان کرتے ہوئے بھارتی انٹرٹینمنٹ انڈسٹری میں ان کے ساتھ پیشہ ورانہ کام نہ کرنے کا موقف اختیار کیا تھا۔
رپورٹس کے مطابق میکا سنگھ کی جانب سے تقریب میں پرفارم کرنے پر معذرت کیے جانے کے بعد اسی ماہ ان پر عائد بائیکاٹ ختم کردیا گیا تھا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








