خیبر پختونخوا کے صوبائی دارالحکومت پشاور میں 14اگست کے جشن آزادی کے موقعے پر کھلونا پستول، باجوں اور پٹاخوں کی خریدوفروخت پر مکمل طور پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق یہ فیصلہ پشاور کی ضلعی انتظامیہ نے عوامی تحفظ کے پیش نظر اٹھایا۔ انتظامیہ نے سخت اقدامات کا اعلان کرتے ہوئے کھلونا پستولوں، پٹاخوں اور باجوں کی خریدوفروخت پر پابندی عائد کردی۔ پابندیوں کا نفاذ دفعہ 144 کے تحت عمل میں لایا گیا ہے۔
ضلعی انتظامیہ پشاور کا کہنا ہے کہ پابندیوں کا اطلاق 15اگست تک برقرار رہے گا، دفعہ 144 کے تحت ضلع پشاور میں آتش بازی، ہوائی فائرنگ اور پٹاخوں کی فروخت کے ساتھ ساتھ ون ویلنگ پر بھی پابندی ہوگی۔ خلاف ورزی کرنے والے افراد کو قانونی کارروائی کا سامنا کرنا ہوگا۔
انتظامیہ نے نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ ون ویلنگ جیسے جان لیوا اور خطرناک کرتب سے گریز کرتے ہوئے ممکنہ حادثات سے اپنی حفاظت کو ترجیح دیں۔ قوم سے اپیل کی گئی کہ شہری 14اگست کا جشن ذمہ داری کے ساتھ مناتے ہوئے پر امن ماحول برقرار رکھیں اور قانون کے نفاذ میں مکمل تعاون کو یقینی بنائیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








