جامعہ اردو سینیٹ اجلاس میں مستقل رجسٹرار، ناظم امتحانات بھرتی سمیت اہم فیصلے

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں

کراچی: وفاقی اردو یونیورسٹی سینیٹ کے 48 ویں اجلاس کی دوسری نشست میں بعض اہم فیصلے کیئے گئے ہیں، اجلاس میں 4 ممبران کی عدم شرکت جبکہ ایسوسی ایٹ پروفیسر اور پروفیسرز کے سلیکشن بورڈ کے دو ہفتوں میں فیصلے سمیت مستقل رجسٹرار، ناظم امتحانات اور خزانچی بھرتی کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جس کا اشتہار اگلے اتوار تک جاری کرنے کا امکان ہے ۔

 ہفتہ 18 جون کو جامعہ اردو کی سینیٹ کے 48ویں اجلاس کا دوسرا سیشن منعقد کیا گیا، جس کی صدارت ڈپٹی چیئر سینیٹ اے کیو خلیل نے کی ۔ اجلاس میں مستقل شیخ الجامعہ پروفیسر ڈاکٹر اطہر عطاء سمیت شکیل الرحمن، واجد جواد، صادقہ صلاح الدین اور نمائندہ وزارت ایحوکیشن شریک ہوئے، جبکہ ڈاکٹر توصیف احمد خان، اساتذہ نمائندے ڈاکٹر عرفان عزیز اور ڈاکٹر طاہر علی اور نمائندہ ایچ ای سی ڈاکٹر ضیاء القیوم شریک نہیں ہوئے۔

یہ بھی پڑھیں: جامعہ اردو سینیٹ اجلاس میں متنازعہ افسر ڈاکٹر صارم کو پروفیسر بنانے کیلئے کوششیں

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ایسوسی ایٹ پروفیسر اور پروفیسر حضرات کے سلیکشن بورڈ کا فیصلہ دو ہفتوں میں کیا جائے گا اور کامیاب امیدواروں کو لیٹر جاری کیے جائیں گے، جبکہ جامعہ میں مستقل رجسٹرار، مستقل ناظم امتحانات اور مستقل خزانچی کی بھرتی کی منظوری دی گئی، جس کا اشتہار اگلے اتوار کو جریدوں میں دیئے جانے کا امکان ہے۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ کانووکیشن کو ستمبر اکتوبر تک کرایا جائے گا۔ اجلاس میں موجودہ وائس چانسلر مستقل شیخ الجامعہ پروفیسر ڈاکٹر اطہر عطاء نے ارکان سینیٹ کو اپنے ایکشن پلان سے مختصر طور پر آگاہ کرتے ہوئے اپنے بھر پور عزم کا اظہار کیا اور کہا کہ وہ اگلے اجلاس میں مزید تجاویز سامنے لائیں ۔

ادھر بعض اساتذہ کا کہنا ہے کہ ہائیر ایجوکیشن کمیشن کے نمائندے اور تین دیگر اراکین کی عدم شرکت سے کورم نا مکمل ہو گیا تھا۔ سینیٹ کے اجلاس کے لئے جاری ہونے والے ایجنڈے کے مطابق اس میں 2013 کے اشتہار کے مطابق 2018 میں منعقد ہونے والے سلیکشن بورڈ کی مختصر کارروائی کی منظوری حاصل کی گئی ہے۔

جبکہ سینیٹ نے 47 ویں اجلاس میں 9 سال پرانے سلیکشن بورڈ کا اشتہار اور امیدواروں کے مکمل کوائف پیش کرنے کی ہدایت جاری کی تھی ۔یونیورسٹی کی انتظامیہ سینیٹ اجلاس میں مکمل کوائف پیش کرنے سے گریز کر رہی ہے۔

واضح رہے کہ موجودہ اجلاس میں ڈپٹی چئیر سینیٹ اے کیو خلیل کے نگران دفتر وائس چانسلر کی حیثیت سے کئے گئے اقدامات کے خلاف ایچ ای سی اور وزارت تعلیم کے نمائندے نے ریویو رپورٹ بھی پیش کرنا تھی۔ جو تین دیگر اراکین سینیٹ کی طرح بوجوہ اجلاس میں شریک نہ ہو سکے جس کی وجہ سے اس رپورٹ کو اگلے ایجنڈے میں رکھ دیا گیا ہے۔ اس حوالے سے ڈپٹی چیئر سینیٹ اے کیو خلیل نے رابطہ کرنے پر بتایا کہ کورم مکمل تھا اور جو اساتذہ نمائندے نہیں آئے اس کا مطلب ہے وہ اساتذہ کے حقوق کیلئے مخلص نہیں ہیں اور میں نے دفتر شیخ الجامعہ کے نگران کے طور پر جو فیصلے کیئے ان کی ریویو رپورٹ پیش نہیں ہوئی، اس کو اگلے ایجنڈے تک موخر کیا گیا ہے۔

کینیڈا کی Winnipeg یونیورسٹی میں کیمسٹری کے پروفیسر ڈاکٹر اطہر عطاء یونیورسٹی ویب سائٹ کے مطابق 30 جون تک رخصت پر ہیں جس کی وجہ سے جامعہ اردو میں قیاس آرائیاں ہو رہی ہیں کہ وہ تین ماہ کی رخصت پر جانا چاہ رہے ہیں تاہم اس نمائندے کے سوال پر ان کا کہنا تھا کہ میں طویل رخصت پر نہیں جا رہا بلکہ عید کی مروجہ رخصت پر ہی جاؤں گا ۔ سلیکشن بورڈ سے متعلق ان کا کہنا تھا کہ ہم نے اس حوالے سے جو فیصلے کیئے ہیں وہ دو ہفتوں تک سامنے آ جائیں گے۔

Related Posts