راولپنڈی: عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ ملکی حالات انتہائی پیچیدہ ہیں، اتنی اہم تعیناتی کو سیاسی مسئلہ نہیں بنانا چاہیئے۔
لال حویلی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سابق وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا کہ عمران خان کا انتخابات کا مطالبہ جائز ہے، آج منڈی سے میں ٹماٹر 250 روپے کلو لے کر آیا ہوں، ملک کی معیشت مشکلات کا شکار ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ اسحاق ڈار صدر عارف علوی سے ملے ہیں اچھی بات ہے مذاکرات راولپنڈی پہنچنے سے پہلے کامیاب ہوجائیں۔ ملکی حالات انتہائی پیچیدہ ہیں، اتنی اہم تعیناتی کو سیاسی مسئلہ نہیں بنانا چاہیئے، آئندہ دس دن پاکستانی سیاست کے انتہائی اہم ترین ہیں۔
ہر ملک سے بہتر اور دوستانہ تعلقات کے خواہشمند ہیں، وزیرِخارجہ
شیخ رشید کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان آئندہ جمعہ یا اس سے قبل راولپنڈی میں ہوں گے، ہم نہ قانون کو ہاتھ میں لیں گے اور نہ کوئی ایسا کام کریں گے جس سے امن وامان کا مسئلہ ہو، غربت مہنگائی بے روزگاری اور عدم تحفظ اتنا بڑھ گیا ہے سب فکر مند ہیں، اسلام آباد سے لال حویلی کے اوپر ڈرون اڑائے جارہے ہیں، چاہتا تو اپنے لائسنس یافتہ اسلحہ سے اس کے ٹکڑے کردیتا۔
انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان کی راولپنڈی آمد پر کمیٹی چوک سے لانگ مارچ میں شریک ہوں گے۔ آصف زرداری اس ملک کی سب سے بڑی بیماری ہے۔ میری تمام ملاقاتوں پر نظر ہے جو دن میں ہو یا رات میں ہوں ۔