آبنائے ہرمز کی کشیدگی بھی راستہ نہ روک سکی! قطر سے ایل این جی کی کھیپ پاکستان پہنچ گئی

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ فائل)

قطر سے پاکستان کے لیے آنے والی 81 ہزار 936 میٹرک ٹن ایل این جی کی اہم کھیپ پورٹ قاسم پہنچ گئی۔

پورٹ قاسم اتھارٹی کے مطابق ایل این جی بردار جہاز المرونہ پورٹ قاسم کے ٹرمینل نمبر 2 پر لنگر انداز ہوگیا۔ جہاز قطر کے راس لفان ٹرمینل سے ایل این جی لے کر پاکستان پہنچا ہے۔

یہ کھیپ پاکستان اور قطر کے درمیان حکومتی معاہدے کے تحت بھیجی گئی ہے اور اس کی آمد سے بجلی کے شعبے کو عارضی ریلیف ملنے کی توقع ہے۔

اہم بات یہ ہے کہ جولائی میں آبنائے ہرمز کے گرد کشیدگی کے بعد یہ قطر سے روانہ ہونے والی پہلی ایل این جی کھیپ ہے جو آبنائے ہرمز سے گزر کر پاکستان پہنچی ہے۔ جہاز نے 7 ستمبر کو آبنائے ہرمز عبور کیا تھا۔

دوسری جانب پاکستان ایل این جی لمیٹڈ نے 5 ستمبر کو جاری کیا گیا اسپاٹ ایل این جی ٹینڈر بھی منسوخ کر دیا ہے۔

حکام کے مطابق قطر سے ایل این جی کی محفوظ ترسیل سے سپلائی میں طویل تعطل کے خدشات میں کمی آئی ہے، تاہم آبنائے ہرمز میں کسی نئی رکاوٹ کی صورت میں پاکستان کی توانائی ضروریات اور ایل این جی کی لاگت پر دباؤ بڑھ سکتا ہے۔

Related Posts