پاکستان میں موبائل فون کی مقامی پیداوار میں نمایاں اضافہ ہوا ہے اور اس وقت 37 کمپنیاں ملک میں موبائل فون تیار کر رہی ہیں۔ انجینئرنگ ڈویلپمنٹ بورڈ کے مطابق پاکستان میں اب تک 3 کروڑ 50 لاکھ سے زائد موبائل فون مقامی طور پر تیار کیے جا چکے ہیں۔
انجینئرنگ ڈویلپمنٹ بورڈ (EDB) کا کہنا ہے کہ ایپل کے علاوہ بیشتر بڑے موبائل برانڈز پاکستان میں مینوفیکچرنگ کر رہے ہیں جبکہ حکومت ایپل کو بھی مقامی پیداوار کے لیے پاکستان لانے کی کوشش کر رہی ہے۔
قائمہ کمیٹی برائے آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن کے چیئرمین سید امین الحق نے مقامی مینوفیکچرنگ کے فروغ کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو کم قیمت اور معیاری اسمارٹ فونز کی فراہمی کے ساتھ 4G اور 5G ڈیوائسز کی پیداوار پر توجہ دینی چاہیے۔
آئی ٹی سیکریٹری زَرار ہاشم کے مطابق ملک میں تقریباً 20 کروڑ موبائل صارفین موجود ہیں جو مقامی موبائل فون صنعت کے لیے ایک بڑی مارکیٹ ثابت ہو سکتے ہیں۔
سرکاری حکام کے مطابق مقامی پیداوار میں مزید اضافے سے صارفین کو سستے فون دستیاب ہونے کے ساتھ ساتھ روزگار کے مواقع بڑھیں گے اور درآمدی انحصار بھی کم کیا جا سکے گا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








