عمران خان حفاظتی ضمانت کیلئے لاہور ہائیکورٹ میں آج پیش ہوں گے

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

لاہور: پاکستان تحریکِ انصاف کے چیئرمین و سابق وزیر اعظم عمران خان حفاظتی ضمانت کے حصول کیلئے لاہور ہائیکورٹ میں آج پیش ہوں گے۔پی ٹی آئی نے تصدیق کردی۔

تفصیلات کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے حفاظتی ضمانت کی غرض سے لاہور ہائیکورٹ میں پیشی کا فیصلہ کر لیا۔ پی ٹی آئی رہنما و یاسمین راشد نے کہا کہ عمران خان لاہور ہائیکورٹ میں پیش ہوں گے۔

یہ بھی پڑھیں:

 عدالت نے عمران خان کی ضمانت کی درخواست مسترد کر دی

قبل ازیں لاہور ہائیکورٹ نے عمران خان کی حفاظتی ضمانت کیلئے دائر درخواست مسترد کرتے ہوئے سابق وزیر اعظم کو عدالت میں پیش ہونے کا حکم دیا تھا۔ سکیورٹی کلیرنس کیلئے بھی ہائیکورٹ سے رجوع کیا گیا ہے۔

سکیورٹی کلیرنس کیلئے انتظامی جج عابد عزیز شیخ کو درخواست جمع کرادی گئی جس میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ عمران خان کی زندگی کو خطرات لاحق ہیں۔ پیشی کے موقعے پر سکیورٹی کلیرنس کروائی جائے۔

عدالتِ عالیہ لاہور نے حفاظتی ضمانت کی درخواست پر مختلف دستخط کی وضاحت کیلئے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو آج دوپہر 2 بجے تک پیش ہونے کی مہلت دی تھی۔ ہائیکورٹ میں پیشی کا فیصلہ ضمانت کے حصول کیلئے کیا گیا۔

خیال رہے کہ اس سے قبل تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا کہ فون کالز ٹیپ کرنا ججوں پر دباؤ ڈالنے اور ملک میں قانون کی حکمرانی کو نقصان پہنچانے کی کوشش ہے، عدلیہ کے خلاف گھٹیا پروپیگنڈہ مہم شرمناک عمل ہے۔

عمران خان نے گزشتہ روز لاہور میں زمان پارک میں اپنی رہائش گاہ پر کالم نگاروں اور سینئر صحافیوں سے ملاقات کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ ن کی عدلیہ پر حملہ کرنے کی تاریخ رہی ہے اور اس جماعت نے ججوں کو خریدنے کا برا عمل شروع کیا۔