مشرق وسطیٰ میں بڑھتی کشیدگی سے افغان امن عمل متاثر ہوسکتاہے، وزیرخارجہ

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

shah mehmood qureshi saudi counterpart
shah mehmood qureshi saudi counterpart

گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں

ریاض: وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں اپنے سعودی ہم منصب شہزادہ فیصل بن فرحان السعود سے ملاقات کی جس میں مشرق وسطیٰ کی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور پرتبادلہ خیال کیا گیا۔

اپنے دورے کے دوسرے مرحلے میں وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض پہنچےجہاں سعودی وزارت خارجہ کے ڈپٹی منسٹر آف پروٹوکول اعظم القین ، سعودی عرب میں پاکستان کے سفیر، راجہ علی اعجاز اور پاکستانی سفارت خانے کے سینئر حکام نے وزیر خارجہ کا پرتپاک خیرمقدم کیا ۔

وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے اپنے سعودی ہم منصب شہزادہ فیصل بن فرحان السعود سے ملاقات کی جس میں مشرق وسطیٰ کی بگڑتی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے اہم علاقائی و عالمی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ مشرق وسطیٰ میں بڑھتی کشیدگی کو کم نہ کیا گیا تو یہ خطے کو اپنی لپیٹ میں لے سکتی ہے، کشیدگی پاکستان کے لیے باعث تشویش ہے کیونکہ اس سے افغان امن عمل متاثر ہو سکتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ایران نے یوکرین طیارہ حادثے کے متاثرین کو ادائیگی پر رضا مندی ظاہر کردی

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی کوشش یہی ہے کہ تمام فریقین کو صبر و تحمل کا مظاہرہ کرنے اور تنازعات کے حل کے لیے مذاکرات اور گفت و شنید کا راستہ اپنانے پر آمادہ کیا جائے، اگر اس آگ کو ٹھنڈا کرنے کے لیے بروقت اقدام نہ اٹھائے گئے تو یہ پورے خطے کو اپنی لپیٹ میں لے سکتی ہے۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کشیدہ صورتحال پر قابو پانے کے لیے خطے کے دیگر وزرائے خارجہ سے ہونے والے روابط سے بھی سعودی ہم منصب کو آگاہ کیا، ان کا کہنا تھا کہ خوش آئند بات یہ ہے کہ ایران اور امریکا دونوں اپنے اپنے بیانات میں واضح کر چکے ہیں کہ وہ کشیدگی میں اضافہ نہیں چاہتے۔

ملاقات کے دوران سعودی وزیر خارجہ نے مشرق وسطیٰ میں پائی جانے والی کشیدگی کے خاتمے کے لیے وزیر اعظم عمران خان کی امن کاوشوں کو سراہا اور وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کے دورے اور کوششوں کا خیر مقدم کیا۔

Related Posts