خاتون اوّل آصفہ بھٹو زرداری نے پنجاب میں حنا جاوید کے مبینہ قتل کے واقعے پر گہرے دکھ اور تشویش کا اظہار کرتے ہوئے پنجاب حکومت سے شفاف، غیر جانبدار اور مکمل تحقیقات کا مطالبہ کر دیا۔
ایوانِ صدر کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق آصفہ بھٹو زرداری نے حنا جاوید کے اہل خانہ سے دلی تعزیت اور یکجہتی کا اظہار کیا اور کہا کہ اس سنگین جرم میں ملوث تمام ذمہ داران کو قانون کے کٹہرے میں لا کر قرار واقعی سزا دی جائے تاکہ مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام ممکن ہو سکے۔
انہوں نے پنجاب حکومت پر زور دیا کہ واقعے کی ہر پہلو سے مکمل چھان بین کی جائے اور انصاف کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ مجرموں کو ایسی عبرتناک سزا ملنی چاہیے جو معاشرے میں قانون کی بالادستی کا واضح پیغام دے۔
خاتون اوّل نے ملک میں خواتین کے خلاف بڑھتے ہوئے جرائم پر بھی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ خواتین کے تحفظ اور اس نوعیت کے جرائم کی روک تھام کے لیے مؤثر اور عملی اقدامات کیے جائیں گے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








