یومِ آزادی کی تقریبات کے دوران راولپنڈی اور اسلام آباد میں شہریوں کو ٹریفک کی ممکنہ مشکلات سے بچانے کے لیے اہم اقدامات شروع کردیے گئے ہیں۔
قومی شاہراہوں اور موٹروے پولیس نے 13 اور 14 اگست کو جڑواں شہروں میں بھاری ٹریفک کے داخلے پر پابندی کا اعلان کردیا ہے جبکہ اسلام آباد کے متعدد ہائیکنگ ٹریلز بھی 13 اگست کو بند رہیں گے۔
موٹروے پولیس کے ترجمان کے مطابق بھاری گاڑیوں کے داخلے پر پابندی 13 اگست کی رات 12 بجے سے 14 اگست کی رات 12 بجے تک برقرار رہے گی۔ اس دوران بھاری ٹریفک کو اسلام آباد اور راولپنڈی کی حدود میں داخل ہونے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
حکام کے مطابق یہ فیصلہ یومِ آزادی کی تقریبات کے دوران جڑواں شہروں میں ٹریفک کو رواں رکھنے اور شہریوں کی آمدورفت کو زیادہ سے زیادہ آسان بنانے کے لیے کیا گیا ہے۔ موٹروے پولیس نے شہریوں اور ٹرانسپورٹرز کو مشورہ دیا ہے کہ وہ پابندی کے مقررہ اوقات کو سامنے رکھتے ہوئے اپنے سفر کا شیڈول ترتیب دیں اور اس دوران بھاری گاڑیاں راولپنڈی یا اسلام آباد کی طرف لے جانے سے گریز کریں۔
حکام نے بتایا کہ جشنِ آزادی کے موقع پر بڑی تعداد میں شہریوں کے مختلف علاقوں سے سفر کرنے کا امکان ہے جس کی وجہ سے سڑکوں پر معمول سے زیادہ رش پیدا ہوسکتا ہے۔ ٹریفک کے ممکنہ دباؤ اور راستوں پر بھیڑ کو کم رکھنے کے لیے خصوصی انتظامات کیے جارہے ہیں تاکہ شاہراہوں پر گاڑیوں کی آمدورفت بلا رکاوٹ جاری رہے۔
شہریوں سے بھی کہا گیا ہے کہ وہ ٹریفک قوانین پر عمل کریں اور ڈیوٹی پر موجود موٹروے پولیس اہلکاروں کے ساتھ مکمل تعاون کریں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








