پنجاب حکومت نے امن و امان کی صورتحال کو مزید موثر بنانے اور سکیورٹی انتظامات میں معاونت حاصل کرنے کیلئے صوبے کے چار اضلاع میں رینجرز کی تعیناتی کا فیصلہ کیا ہے۔
محکمہ داخلہ پنجاب کے ترجمان کے مطابق اس سلسلے میں وفاقی وزارت داخلہ کو باضابطہ مراسلہ ارسال کردیا گیا ہے۔ مراسلے میں راولپنڈی، اٹک، جہلم اور میانوالی میں رینجرز کے دستے تعینات کرنے کی درخواست کی گئی ہے۔
مجوزہ سکیورٹی انتظامات کے تحت راولپنڈی میں رینجرز کی تین کمپنیاں تعینات کرنے کی درخواست کی گئی ہے جبکہ اٹک میں رینجرز کے پانچ ونگز کی تعیناتی تجویز کی گئی ہے۔ جہلم اور میانوالی میں ایک، ایک کمپنی تعینات کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔
محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق مذکورہ اضلاع میں رینجرز کی تعیناتی 5 اکتوبر 2026 تک ہوگی۔
ترجمان کے مطابق رینجرز کی تعیناتی کی منظوری کابینہ کمیٹی برائے امن و امان کے 59ویں اجلاس میں دی گئی تھی جبکہ یہ اقدام پنجاب پولیس کی درخواست پر سکیورٹی معاملات میں معاونت فراہم کرنے کیلئے کیا جا رہا ہے۔
حکام کے مطابق رینجرز کی تعیناتی آئین پاکستان کے آرٹیکل 245، انسدادِ دہشت گردی ایکٹ 1997 کی دفعات 4 اور 5 جبکہ پاکستان رینجرز آرڈیننس 1959 کی دفعات 7(ب) اور 10 کے تحت عمل میں لائی جائے گی۔
محکمہ داخلہ پنجاب کے ترجمان نے کہا ہے کہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ صوبائی حکومت کی اولین ترجیح ہے اور امن و امان برقرار رکھنے کیلئے تمام ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








