نئی دہلی: بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ ڈیجیٹل کرنسیوں سے سیکیورٹی کو شدید خطرہ لاحق ہے۔
خبررساں ادارے اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق بھارتی وزیر اعظم نے یہ بات انتہا پسند گروہوں کی مالی معاونت سے نمٹنے کے لیے بھارت میں منعقدہ ایک عالمی کانفرنس میں کہی۔
نریندر مودی نے دہشت گردی کی مالی معاونت کی روک تھام سے متعلق کانفرنس میں اس خیال کا اظہار کیا کہ ڈیجیٹل کرنسیوں سے سیکورٹی کو شدید خطرہ لاحق ہے۔
فنانس ٹیکنالوجیز کے لیے یکساں انتظام کی ضرورت کو اجاگر کرتے ہوئے بھارتی وزیراعظم نے کہا کہ دہشت گردوں کی بھرتی اور فنڈنگ کے لیے نئی قسم کی ٹیکنالوجی استعمال کی جا رہی ہے، ڈارک نیٹ، پرائیویٹ کرنسی اور بہت سے چیلنجز ابھر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ’یکساں انتظام سے چیک اینڈ بیلنس اور ریگولیشن کا ایک متفقہ نظام قائم ہو سکتا ہے۔
کورین سفارتخانے میں سیمینار کا انعقاد، پاکستان میں قابلِ تجدید توانائی کے فروغ پر اتفاق
خیال رہے کہ درجنوں ممالک کے مندوبین 2 روزہ کانفرنس کے لیے بھارتی دارالحکومت نئی دہلی میں موجود ہیں جوکہ گزشتہ ماہ بھارت میں اقوام متحدہ کی انسداد دہشت گردی کمیٹی کے خصوصی اجلاس کے بعد منعقد ہورہی ہے۔
واضح رہے کہ تقریباً ایک دہائی قبل مقامی مارکیٹ میں پہلی بار متعارف ہونے کے بعد سے کرپٹو کرنسیز بھارتی ریگولیٹرز کے زیرمعائنہ ہیں۔
قبل ازیں بھی نریندرمودی نے کہاتھا کہ بٹ کوائن نوجوان نسل کے لیے خطرہ ہے اور اگر یہ غلط ہاتھوں میں چلا گیا تو یہ ہمارے نوجوانوں کو خراب کر سکتا ہے۔