نارتھ کراچی صنعتی ایریا میں فول پروف سیکورٹی کیلئے کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر قائم کرنے پر اتفاق

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

Command & Control center will be set up in North Karachi industrial area for foolproof security

گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں

کراچی:  ایس ایس پی سینٹرل غلام مرتضیٰ تبسم نے کہا ہے کہ نارتھ کراچی صنعتی ایریا میں فول پروف سیکورٹی یقینی بنانے کے لیے نکاٹی کے ساتھ مل کر کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر قائم کیا جائے گا اور داخلی وخارجی ، صنعتی ایریا کے اندورنی راستوں کی نگرانی کے لیے سرویلینس کیمرے بھی نصب کیے جائیں گے تاکہ جرائم پیشہ افراد پر کڑی نظر رکھی جاسکے اور صنعتکار برادری کی جان ومال کا تحفظ یقینی بناتے ہوئے سازگار کاروباری ماحول کی فراہمی ممکن بنائی جاسکے۔

یہ بات انہوں نے نارتھ کراچی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری ( نکاٹی) کے دورے کے موقع پر اجلاس سے خطاب میں کہی۔ اس موقع پر نکاٹی کے صدر فیصل معیز خان،سینئر نائب صدر شبیر اسماعیل، این کے آئی ڈی ایم سی کے سی ای اوصادق محمد اور سینئر ممبرمنیجنگ کمیٹی سید عثمان علی نے بھی خطاب کیا جبکہ نکاٹی کے نائب صدر نعیم حیدر ،ڈپٹی چیف ، سی ایم سی سید یاسر علی، چیف ڈی ایم سی محمد فاروق کھاتوڑ ا،اسسٹنٹ چیف سی ایم سی شہزاد الہیٰ ودیگر بھی اجلاس میں شریک تھے ۔

ایس ایس پی سینٹرل غلام مرتضیٰ تبسم نے نارتھ کراچی صنعتی ایریا میں لاء اینڈ آرڈر کی صورتحال کو بہتر بنانے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ وہ محکمہ پولیس جرائم پر قابو پانے کے لیے اپنے تمام وسائل بروئے کار لائے گا نیز صنعتی ایریا سے تجاوزات کے خاتمے کے لیے بھی اقدامات کیے جائیں گے تاکہ سامان کی نقل وحمل میں کسی قسم کی رکاوٹ کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

نکاٹی کے صدرفیصل معیز خان نے ایس ایس پی سینٹرل کو نارتھ کراچی صنعتی ایریا میں لاء اینڈ آڈر کی صورتحال سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ صنعتکار بینک سے کیش لے کر آنے پر لوٹ لیے جاتے ہیں اور ان وارداتوں میں دن بہ دن اضافہ ہورہا ہے لہٰذا جرائم پر قابو پانے کے لیے مؤثر اقدامات کی اشد ضرورت ہے ۔ انہوں نے چنگ چی رکشا کی بھرمار اور اس کے نتیجے میں ٹریفک کی روانی متاثر ہونے کی طرف توجہ مبذول کرواتے ہوئے کہا کہ گودھرا موڑ پر چنگ چی رکشا نے قبضہ کیا ہوا ہے جس کی وجہ سے ٹریفک جام معمول بن گیا ہے اس ضمن میں فوری کارروائی کی جائے۔

نکاٹی کے سینئر نائب صدر شبیر اسماعیل نے کہا کہ نارتھ کراچی انڈسٹریل میں سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب پر کام ہورہا ہے تاکہ اس علاقے کو محفوظ علاقہ بنایا جاسکے تاہم اس سلسلے میں سندھ پولیس کا تعاون بھی درکار ہے۔

نارتھ کراچی انڈسٹریل اینڈ مینجمنٹ کمپنی ( این کے آئی ڈی ایم سی ) کے چیف ایگزیکٹوآفیسرصادق محمد نے کہا کہ صنعتی ایریا میں ترقیاتی کام تقریباً تکمیل کے مراحل میں ہیں اور ٹریفک سگنل اور اسٹریٹ لائٹس کی تنصیب کا کام مکمل ہو چکا ہے۔

مزید پڑھیں: صنعتی علاقوں کی تعمیر و ترقی کیلئے ترجیحی فنڈنگ کا نظام بنایا جائے،صدر کاٹی

سینئر ممبرمنیجنگ کمیٹی سید عثمان علی نے کہا کہ نارتھ کراچی انڈسٹریل ایریا میں سگنل تو لگا دیے گئے ہیں لیکن یہ بات مشاہدے میں آئی ہے کہ سگنل کی پابندی نہیں کی جارہی جس کو یقینی بنانے کی ضرورت ہے نیز ٹریفک سگنل کی خلاف ورزی کی صورت میں چالان ہو نا چاہیے۔

اس موقع پر ایس ایس پی ٹریفک اعجاز الدین نے صنعتکاروں کو گودھرا مو ڑ پر چنگ چی رکشا کی موجودگی کو ختم کرنے کی یقین دہانی بھی کروائی۔

Related Posts