کوئٹہ: وزیر اعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے بلوچستان کے شہر بارکھان کے رکھنی بازار میں بم دھماکے کی سختی سے مذمت کرتے ہوئے قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے قیمتی جانوں کے ضیاع پر دلی رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بے گناہ اور معصوم لوگوں کا خون بہانے والے انسانیت کے دشمن ہیں۔
بلوچستان کے شہر رکھنی میں دھماکہ، 4 افراد جاں بحق، متعدد زخمی
اپنے تعزیتی پیغام میں وزیر اعلیٰ عبدالقدوس بزنجو نے کہا کہ ملک دشمن عناصر کو مذموم عزائم میں کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ دہشت گردی کے خلاف مزید مؤثر اسٹریجی اپنائی جائے گی۔
وزیر اعلیٰ نے محکمۂ داخلہ بلوچستان اور پولیس کو دہشت گردی کے حالیہ واقعات کے تناظر میں سکیورٹی پلان کا از سرِ نو جائزہ لینے کی ہدایت کی اور کہا کہ عوام کی جان و مال کا تحفظ اور دیرپا امن کا قیام یقینی بنایاجائے۔
ترجمان وزیر اعلیٰ کا کہنا ہے کہ وزیر اعلیٰ بلوچستان نے دھماکے کے نتیجے میں جاں بحق افراد کے لواحقین سے تعزیت اور متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ دھماکے کے زخمیوں کو علاج کی بہترین سہولیات فراہم کی جائیں۔