ضلعی انتظامیہ سے مک مکا، مرغی کا گوشت 500روپے کلو فروخت، عوام کی چیخیں نکل گئیں

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں

کراچی: شہر قائد میں برائیلر مرغی کا گوشت غریب عوام کی پہنچ سے دور ہو گیا، برائیلر مرغی کا گوشت 500 روپے کلو کی ریکارڈ سطح پر پہنچ گیا۔

برائیلر مرغی کے سینے کا گوشت 630 روپے کلو تک آزادانہ فروخت جاری ہے۔شہریوں کی چیخیں نکل گئیں،کمشنر کراچی کی اشیاء خورونوش کی قیمتوں کی فہرست میں مرغی کے گوشت کی قیمت گزشتہ ایک سال سے 214 روپے کلو درج ہے۔

یہ فہرست کمشنر کراچی کی جانب سے آج بھی یومیہ بنیاد پر دکانداروں کو فروخت ہو رہی ہے، مگر اس پر عمل کرانے کے لیے کمشنر کراچی کی جانب سے کوئی اقدامات نظر نہیں آرہے۔

اسی طرح ران کااور سینے کا گوشت علیحدہ علیحدہ نرخوں پر فروخت ہو رہا ہے، کمشنر کراچی کی قیمتوں والی فہرست میں کہیں بھی ران اور سینے کے گوشت کے نرخ تحریر نہیں ہوتے، دکاندار من مانی قیمتوں پر فروخت کررہے ہیں۔

اس پوری صورتحال میں ضلعی انتظامیہ کی موجیں لگی ہوئی ہیں، کوئی ڈپٹی کمشنر، اسسٹنٹ کمشنر اس حوالے سے کارروائی کرنے کو تیار نہیں،ساری پریشانی عوام کو اٹھانی پڑ رہی ہے۔ اسی طرح دودھ کی قیمتیں از خود بڑ ھادی گئی ہیں۔

کراچی کے شہری 130 روپے کلو دودھ خریدنے پر مجبور ہیں۔ مگر ضلعی انتظامیہ خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔بعض ڈیری فارمرز اور پولٹری فارمرز کا کہنا ہے کہ ہم نے ضلعی انتظامیہ سے مک مکا کر لیا ہے۔

پولٹری اور ڈیری فارمرز کا کہنا ہے کہ اب ہم اپنی مرضی سے جتنی قیمت میں فروخت کرنا چاہیں کر سکتے ہیں، ہمارے خلاف کوئی کارروائی نہیں ہو گی، اگر زیادہ پریشر آیا تو چند دکانداروں کے خلاف نمائشی کارروائی کر کے پریشر ختم کر دیں گے اور پھر سے اپنی مرضی سے زائد قیمتیں وصول کریں گے۔

Related Posts