واشنگٹن: امریکی جریدے بلومبرگ نے دعویٰ کیا ہے کہ پاکستان مہنگائی میں جنوبی ایشیا کے بد ترین معاشی بحران سے دوچار ملک سری لنکا سے بھی آگے نکل چکا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان نے توانائی اور خوراک کی قیمتوں میں بے تحاشہ اضافے کے باعث مالیاتی بحران کا شکار ملک سری لنکا کو پیچھے چھوڑ دیا۔ بلومبرگ کا کہنا ہے کہ اپریل میں پاکستان میں مہنگائی کی شرح 36فیصد سے زائد رہی۔
پاکستان میں سالانہ 4 ارب ڈالر کی خوراک ضائع ہونے کا انکشاف
بلومبرگ نے اپنی رپورٹ میں کہا کہ 1964ء کے بعد پاکستان میں مہنگائی کی یہ سب سے زیادہ شرح ہے جبکہ اپریل میں سری لنکا میں مہنگائی کی شرح پاکستان سے 1 فیصد کم یعنی 35فیصد رہی۔ مئی کے دوران بھی مہنگائی کی شرح بلند ہوگی۔
رپورٹ کے مطابق سری لنکا نے معاشی بحران پر قابو پانے کیلئے خاطر خواہ اقدامات اٹھائے ہیں تاہم پاکستانی روپیہ بد ترین گراوٹ کا شکار رہا، ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر 20 فیصد گر گئی، آج پاکستان کی کرنسی دنیا میں کمزور ترین ہے۔
وفاقی ادارۂ شماریات کا کہنا ہے کہ اپریل میں مہنگائی کی شرح 2.4 فیصد بڑھی۔ اپریل میں ماہانہ مہنگائی 36اعشاریہ 42فیصد پر جا پہنچی جبکہ اشیائے خوردونوش کی مہنگائی 52اعشاریہ 2فیصد رہی۔