بولان میں سوئی گیس کی 12 انچ قطر کی پائپ لائن پر دھماکا، سپلائی معطل

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

کوئٹہ: بولان میں سوئی گیس کی 12 انچ قطر کی پائپ لائن پر دھماکہ ہوا جس کے نتیجے میں صوبائی دارالحکومت کو گیس کی سپلائی معطل ہوگئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ گزشتہ شب 8 بجے بولان کے علاقے سراج آباد میں پیش آیا جہاں تخریب کاروں نے گیس پائپ لائن کو دھماکہ خیز مواد سے اڑا دیا۔

یہ بھی پڑھیں:

حکومت کو گیس کی قیمتوں میں اضافہ کرنا ہوگا۔ مصدق ملک

ڈی سی بولان سمیع اللہ آغا نے میڈیا کو آگاہ کیا کہ 12 انچ قطر کی گیس پائپ لائن کو دھماکہ خیز مواد سے تباہ کیا گیا جس کے نتیجے میں کوئٹہ کو گیس فراہمی معطل ہوئی۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی سکیورٹی اہلکار جائے وقوعہ پر پہنچے اور علاقے کو گھیرے میں لے کر ملزمان کی تلاش کیلئے سرچ آپریشن کیا گیا۔ گیس سپلائی معطل ہونے سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔

سوئی سدرن گیس کمپنی کے مطابق گیس پائپ لائن کی تباہی سے کوئٹہ اور دیگر شہر متاثر ہوسکتے ہیں اور آئندہ ایک دو روز تک گیس پریشر بھی کم رہنے کا خدشہ ہے۔

خیال رہے کہ اس سے قبل وزیر مملکت برائے پیٹرولیم مصدق ملک نے کہا کہ حکومت کو گیس کی قیمتوں میں اضافہ کرنا پڑے گا۔  پاکستان میں گیس کی قیمتیں اس وقت ”غیر پائیدار“ ہیں۔

مصدق ملک نے سینیٹ اجلاس کے دوران کہا کہ گیس کی قیمتوں میں اضافے کا فیصلہ کرنے کے لیے بات چیت جاری ہے۔ حکومت اس وقت لوگوں کو اضافی گیس کنکشن دینے سے قاصر ہے۔