کراچی: چیف آفیسرضلع کونسل کراچی ایاز حمید اللہ بلوچ نے کہا کہ ہمارا وطن ایک ترقی پذیر ملک ہے جہاں ریاستی امور چلانے کیلئے مختلف ٹیکس لاگو کئےجاتے ہیں تا کہ عوام کی فلاح اور ترقی کی راہ میں کوئی رکاوٹ نہ آئے۔
انہوں نے کہا کہ ٹیکس کا یہ سلسلہ وفاق سے صوبوں اور شہری حکومت میں نافذ ہے ،ہمارا علاقہ کراچی کے دیہی علاقوں پر مشتمل ہے، ہماری حدود میں ٹیکس نظام کو سہل بنایا گیا ہے تا کہ لوگ اپنا قومی فریضہ سہولت کے ساتھ ادا کریں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے بن قاسم آفس میں ٹیکس کے محکمے کی کارکردگی کا جائزہ لیتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر ڈائریکٹر ٹیکسیشن سالک نذیر بھٹو ، فرید بروہی، سلامت مسیح ،ایاز بھگت ،طاہر بلوچ و دیگر بھی موجود تھے۔
انہوں نے کہا کہ ہر چیز میں کامیابی کیلئے لگن کی ضرورت سب سے اہم ہوتی ہے مگر موجودہ وقت میں اس کی کمی دیکھنے میں آ رہی ہے ٹیکس کا عملہ آمدن میں اضافے کیلئے میدان عمل میں رہ کر اپنے امور انجام دے اپنے نچلے اسٹاف کے ذریعے کام کرانے کا سلسلہ مکمل طور پر بند کیا جائے جس کی جو ذمے داری ہے وہ اس کو احسن طریقے سے ادا کرے ۔
محکمہ ٹیکسیشن جو بھی کام انجام دینے کا ارادہ ر کھتا ہو اسکی باقاعدہ منظوری اور تمام تر ریکارڈ موجود ہونا لازمی ہے ،اگر محکمے کے کسی عملے کو کوئی مسائل درپیش ہیں تو آگاہ کرے اس کو حل کیا جائے گا۔