آصف علی زرداری کو عوام کی دعاؤں سے ضمانت ملی ہے۔ بلاول بھٹو زرداری

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

آصف علی زرداری کو عوام کی دعاؤں سے ضمانت ملی ہے۔ بلاول بھٹو زرداری
آصف علی زرداری کو عوام کی دعاؤں سے ضمانت ملی ہے۔ بلاول بھٹو زرداری

چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ سابق صدر آصف علی زرداری کو عوام کی دُعاؤں سے ضمانت مل گئی ہے، دعاؤں میں طاقت ہوتی ہے، ہتھکنڈوں سے دباؤ ڈالنے والے جان لیں۔

سابق صدر آصف علی زرداری کی درخواستِ ضمانت اسلام آباد ہائی کورٹ سے منظور ہونے پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ مخالفین ہمیں اپنے ہتھکنڈوں سے دباؤ میں نہیں لاسکتے۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں میڈیا نمائندگان سے بات چیت کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ آصف علی زرداری کی میڈیکل رپورٹ کے مطابق ان کی صحت قابلِ تشویش ہے۔

پیپلز پارٹی چیئرمین نے کہا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ نے سابق صدر آصف زرداری کو طبی بنیادوں پر ضمانت کی منظوری دی، عدلیہ کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ جج صاحبان نے انصاف پر مبنی فیصلہ کیا۔

تحریکِ انصاف کی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ حکومت اور نیب گٹھ جوڑ آصف علی زرداری اور پیپلز پارٹی کے خلاف تھا۔ گٹھ جوڑ ہمیں روکنا اور دبانا چاہتا تھا، لیکن ہم دباؤ میں نہیں آئے۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ سابق صدر آصف علی زرداری کو رہائی مل چکی ہے، وہ باہر آ کر علاج کروائیں گے، وہ شکاری ہیں جو کھلاڑی کا شکار کرنے والے ہیں جبکہ نیب رکنِ سندھ اسمبلی فریال تالپور کے کیس میں دباؤ ڈال رہا ہے۔ 

یاد رہے کہ اس سے قبل پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین اور سابق صدر آصف علی زرداری کی ضمانت 1 کروڑ روپے کے مچلکوں کے عوض منظور کر لی گئی۔

اسلام آباد ہائی کورٹ میں آصف علی زرداری اور ہمشیرہ فریال تالپور کی ضمانت کی درخواستوں پر سماعت ہوئی۔چیف جسٹس ہائی کورٹ اطہر من اللہ کی قیادت میں عدالت کے 2 رکنی بینچ نے درخواستوں کی سماعت کی۔

مزید پڑھیں: عدالت  نے سابق صدر آصف علی زرداری کی ضمانت منظور کر لی

Related Posts