سرکاری خرچ پر بیرون ملک پی ایچ ڈی کرنے کا موقع! بلوچستان کے نوجوانوں کیلئے بڑا تحفہ

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ فائل)

صوبے کے ہونہار طلباء کے لیے شاندار تعلیمی موقع فراہم کرتے ہوئے حکومتِ بلوچستان نے بیرونِ ملک اعلیٰ تعلیم (پی ایچ ڈی) کے حصول کے لیے خصوصی اسکالرشپس جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق بلوچستان ایجوکیشن اینڈومنٹ فنڈ کے تحت شروع کیے جانے والے اس نئے پروگرام کے ذریعے ہر سال صوبے کے 10 بہترین اور قابل امیدواروں کو دنیا کی نامور اور ممتاز یونیورسٹیوں میں پی ایچ ڈی کرنے کا موقع دیا جائے گا۔

اسکالرشپ پروگرام کے باضابطہ آغاز پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے اسے صوبے کی نوجوان نسل کے روشن اور تابناک مستقبل کی ضمانت قرار دیا۔

ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان کے نوجوانوں کو دنیا کے اعلیٰ ترین تعلیمی اداروں تک رسائی دلانے کا باقاعدہ آغاز ہو چکا ہے اور یہ سفر دراصل صوبے کی تقدیر بدلنے کا سفر ہے۔ اب ہمارے نوجوان جدید تعلیمی مواقع سے فیضیاب ہونے میں دنیا میں کہیں پیچھے نہیں رہیں گے۔

وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ یہ پی ایچ ڈی اسکالرشپس آنے والے دنوں میں علم، روشنی اور ترقی کے نئے افق وا کریں گی۔ دہشت گردی اور انتہا پسندی کا مقابلہ بندوق کے بجائے معیاری تعلیم، شعور اور ترقیاتی مواقع کی فراہمی سے ہی ممکن ہے۔

سرفراز بگٹی نے واشگاف الفاظ میں کہا کہ بلوچستان کا اصل مستقبل پہاڑوں میں چھپ کر ہتھیار اٹھانے والے نہیں بلکہ ہاتھوں میں کتابیں اور قلم تھام کر علم و تحقیق کے میدان میں جھنڈے گاڑنے والے ہمارے بیٹیاں اور بیٹے ہیں۔ ہمارا بنیادی ہدف اپنے نوجوانوں کو گلوبل لیول پر ریسرچ اور ایجوکیشن کے نقشے پر نمایاں مقام دلانا ہے۔

Related Posts