ملک بھر میں موسم نے ایک بار پھر انگڑائی لینا شروع کر دی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق مغربی ہواؤں کا ایک نیا سلسلہ آج رات سے ملک کے بالائی حصوں میں داخل ہو رہا ہے جس کے اثرات 7 اکتوبر تک برقرار رہنے کا امکان ہے۔
کہاں کہاں بارش اور آندھی کا امکان ہے؟
رپورٹ کے مطابق اس نئے موسمی سسٹم کے زیر اثر پنجاب، خیبر پختونخوا، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے مختلف علاقوں میں 6 اور 7 اکتوبر کے دوران تیز ہواؤں، آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔ اس دوران چند مخصوص مقامات پر ژالہ باری (اولے پڑنے) کی بھی پیشگوئی کی گئی ہے۔
صوبہ بلوچستان اور سندھ کی صورتحال
دوسری جانب بلوچستان میں 6 اکتوبر کی شام یا رات کے اوقات میں بارکھان اور موسیٰ خیل کے علاقوں میں بادل برسنے کی توقع ہے۔ اس کے برعکس سندھ کے اضلاع میں آئندہ چند روز کے دوران موسم گرم اور خشک رہے گا۔
کسانوں کے لیے خصوصی ہدایات اور درجہ حرارت میں کمی
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ تیز آندھی اور ژالہ باری کے باعث کمزور ڈھانچے اور انفرااسٹرکچر کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔ اس موسمی تبدیلی کے نتیجے میں پارہ 2 سے 4 ڈگری سینٹی گریڈ تک نیچے آنے کا امکان ہے۔
محکمہ نے کسانوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنی زرعی سرگرمیوں اور فصلوں کی کٹائی یا دیکھ بھال کا عمل تازہ ترین موسمی صورتحال کو مدنظر رکھ کر طے کریں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








