بلوچستان کے علاقے دانا سر بائی پاس کے قریب سکیورٹی فورسز نے ایک کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران خواتین اور بچوں سمیت 103 ایسے افغان شہریوں کو دبوچ لیا ہے جو پاکستان میں غیر قانونی طور پر مقیم تھے۔
ذرائع کے مطابق تمام گرفتار افراد کو ابتدائی قانونی کارروائی مکمل کرنے کے بعد متعلقہ پولیس حکام کے حوالے کر دیا گیا ہے جہاں ان کے خلاف فارن ایکٹ کے تحت مزید کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
خفیہ اداروں اور سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ تمام افراد انسانی سمگلروں کے خطرناک نیٹ ورک کے ساتھ جڑے ہوئے تھے۔ یہ گروہ غیر قانونی طریقوں سے ان افغان شہریوں کو پاکستان کے راستے ایران اور پھر وہاں سے یورپ کے غیر قانونی سفر پر لے جانے کی کوشش کر رہا تھا۔
واضح رہے کہ سکیورٹی فورسز کی جانب سے غیر قانونی تارکینِ وطن کے خلاف ملک بھر میں جاری سخت کریک ڈاؤن کے تحت، گزشتہ صرف ایک ہفتے کے دوران اکیلے اس علاقے سے گرفتار کیے جانے والے غیر قانونی افغان باشندوں کی مجموعی تعداد 129 تک پہنچ چکی ہے۔
سرکاری حکام کا عزم ہے کہ ملکی سلامتی اور بارڈر مینجمنٹ کو یقینی بنانے کے لیے یہ کارروائیاں بلا تعطل جاری رہیں گی۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








