کراچی: وفاقی وزیر برائے بحری امور سیّد علی حیدر زیدی نے بڑی پیشگوئی کرتے ہوئے کہا ہے کہ سندھ میں پیپلز پارٹی ناکام ہوچکی ہے اور آئندہ انتخابات میں سندھ حکومت کا تختہ الٹ جائے گا۔
تفصیلات کےمطابق اپنے ایک بیان میں وزیرِ بحری امور علی زیدی نے کہا کہ سندھ میں پیپلز پارٹی کی حکومت ناکام ہوچکی ہے۔ کراچی میں پورٹ کے معاملات پر سوالات مجھ سے ہوں گے، وزیرِاعلیٰ مراد علی شاہ سے نہیں۔
پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت پر تنقید کرتے ہوئے وفاقی وزیر علی زیدی نے کہا کہ سندھ میں پانی، کچرا اور دیگر سازوسامان چوری ہوجاتا ہے، اس کا کچھ نہیں کیا جاسکتا جبکہ پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول زرداری بچے ہیں۔
وفاقی وزیرِ بحری امور نے کہا کہ بلاول زرداری نے کمائی کی اور نہ ہی انہیں معاملات کا علم ہے۔ پانی کی فراہمی سے متعلق کے فور منصوبہ 18ویں ترمیم کے بعد سندھ حکومت کا کام تھا، لیکن وفاق کر رہا ہے۔
سندھ حکومت پر مزید تنقید کرتے ہوئے وزیرِ بحری امور نے کہا کہ سندھ میں بیشتر منصوبے صوبے کے اختیار میں ہیں مگر اب بھی وفاق کام کر رہا ہے۔ علی زیدی نے بعض وفاقی اداروں کی مثال بھی پیش کردی۔
وزیرِ بحری امور علی زیدی نے کہا کہ نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) اور ایف ڈبلیو وفاقی ادارے ہیں لیکن کراچی میں نالوں کی صفائی کرتے ہیں۔ سندھ میں ریلوے ٹریک پر بڑی بڑی عمارتیں پہلے سے تعمیر نہیں ہوئیں۔
علی زیدی نے کہا کہ بجٹ میں ٹیکس سے متعلق بحث اور گفت و شنید جاری ہے، حتمی فیصلہ بھی سامنے آجائے گا۔ کراچی میں سیوریج نظام سے لے کر دیگر کام پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت کی بجائے وزارتِ بحری امور کروا رہی ہے۔
زمینوں کی بندربانٹ کا ذکر کرتے ہوئے وزیرِ بحری امور نے کہا کہ کراچی میں زمینیں لے کر لیز پر دی جاتی تھیں، کوئی پوچھنے والا نہیں تھا۔ کراچی پورٹ ٹرسٹ (کے پی ٹی) سے متعلق بہت سے لوگ ناراض بھی ہوگئے۔
انہوں نے کہا کہ میں نے کبھی کسی کو سیاسی انتقام کا نشانہ نہیں بنایا۔ سیاسی جماعتوں کی آپس میں ملاقاتیں ہوتی رہتی ہیں، یہ اچھی بات ہے جسے کنٹرول نہیں کیا جاسکتا۔ آصف زرداری کیا سرپرائز دیں گے، سرپرائز انہیں ملے گا۔
سابق صدر آصف زرداری کو دئیے جانے والے سرپرائز کی وضاحت کرتے ہوئے علی زیدی نے کہا کہ آئندہ انتخابات میں سندھ میں پیپلز پارٹی کی حکومت ختم ہوجائے گی کیونکہ سندھ حکومت اور پیپلز پارٹی ناکام ہوچکے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: وفاقی کابینہ نے سرکاری اثاثے گروی رکھنے کی منظوری دے دی