ملک بھر میں توانائی کے بحران میں ایک بار پھر شدت آ گئی ہے اور پن بجلی کی پیداوار میں کمی اور مائع قدرتی گیس (ایل این جی) کی عدم دستیابی کے باعث بجلی کا شارٹ فال 4 ہزار میگاواٹ سے تجاوز کر گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق بجلی کی طلب اور رسد (سپلائی) کے درمیان فرق نمایاں ہو گیا ہے۔ اس وقت دن کے اوقات میں بجلی کی مجموعی طلب 10 سے 12 ہزار میگاواٹ کے درمیان ہے جبکہ رات کے اوقات میں یہ بڑھ کر 16 ہزار میگاواٹ تک پہنچ جاتی ہے اگرچہ دن کے وقت شمسی توانائی (سولر سسٹمز) کی وجہ سے گرڈ پر بوجھ میں کچھ کمی واقع ہوتی ہے تاہم شام کے اوقات میں طلب بڑھنے کے باعث شارٹ فال چار ہزار میگاواٹ تک جا پہنچتا ہے اس خلا کو پر کرنے کے لیے ملک کے مختلف حصوں میں 3 سے 4 گھنٹے تک کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے۔
ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ گیس کی طلب میں اضافے کے باعث مقامی گیس پاور پلانٹس کو مطلوبہ مقدار میں فراہم نہیں کی جا رہی جس کے نتیجے میں ایل این جی سے چلنے والے تقریباً 6 ہزار میگاواٹ گنجائش کے حامل پلانٹس مکمل طور پر بند پڑے ہیں جبکہ دریاؤں میں پانی کے اخراج میں کمی آنے کی وجہ سے پن بجلی (ہائیڈل پاور) کا حصہ بھی 7 ہزار میگاواٹ سے سکڑ کر محض 4 ہزار میگاواٹ پر آ گیا ہے۔
اس صورتحال میں ایک مثبت پہلو یہ بھی سامنے آیا ہے کہ رواں ہفتے قطر سے ایل این جی کے مزید کارگوز ملک پہنچنے کی توقع ہے اور جیسے ہی ایل این جی کی ترسیل میں بہتری آئے گی بجلی کی طلب اور رسد کا یہ موجودہ فرق بھی ختم ہو جائے گا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








