شرابی بنا نمازی! پشاور پولیس نے ٹک ٹاکر آن لائن ٹینشن کا سافٹ ویئر اپڈیٹ کردیا، ویڈیو دیکھیں

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ آن لائن)

سوشل میڈیا پر غیر قانونی سرگرمیوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے پشاور پولیس نے ٹک ٹاک لائیو سیشن کے دوران شراب نوشی اور اس کی تشہیر کرنے والے شخص کو گرفتار کرلیا۔

کیپیٹل سٹی پولیس پشاور کے مطابق تھانہ گلبہار کی پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے عباس عرف سونو کو حراست میں لیا جو ٹک ٹاک پر لائیو نشریات کے دوران مبینہ طور پر شراب نوشی اور نازیبا حرکات میں ملوث تھا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ کارروائی کے دوران ملزم کے قبضے سے شراب کی ایک بوتل بھی برآمد ہوئی جس کے بعد اس کے خلاف مقدمہ درج کرکے مزید قانونی کارروائی شروع کردی گئی۔

کیپیٹل سٹی پولیس نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری اپنے بیان میں بتایا کہ ملزم کے خلاف کارروائی بروقت عمل میں لائی گئی جبکہ اس کا ٹک ٹاک اکاؤنٹ بھی ڈیلیٹ کردیا گیا ہے۔

پولیس کے مطابق سوشل میڈیا پر غیر قانونی سرگرمیوں اور ان کی تشہیر میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔

Related Posts