مالی سال 2026-27 کے پہلے مہینے جولائی میں پاکستان کی مجموعی برآمدات 10 فیصد اضافے کے ساتھ 2.96 ارب ڈالر تک پہنچ گئیں جبکہ گزشتہ سال اسی عرصے میں یہ 2.69 ارب ڈالر تھیں۔ یہ اعداد و شمار پاکستان ٹیکسٹائل ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن (PTEA) نے جاری کیے ہیں۔
ایسوسی ایشن کے مطابق ٹیکسٹائل شعبہ برآمدات میں اضافے کا سب سے بڑا ذریعہ رہا۔ جولائی 2026 میں ٹیکسٹائل برآمدات 9 فیصد بڑھ کر 1.83 ارب ڈالر ہوگئیں جو گزشتہ سال اسی مہینے میں 1.68 ارب ڈالر تھیں۔ مجموعی برآمدات میں ٹیکسٹائل کا حصہ تقریباً 62 فیصد رہا۔
پی ٹی ای اے نے حکومت کو درآمدات پر بھی کڑی نظر رکھنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ جولائی میں زرعی مصنوعات کی درآمدات میں 2 فیصد سے زائد، سرمایہ جاتی اشیا میں 43 فیصد، خام مال میں 23 فیصد جبکہ صارفین کی اشیا کی درآمدات میں 27 فیصد سے زیادہ اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
ایسوسی ایشن کے مطابق سرمایہ جاتی اشیا اور خام مال کی بڑھتی درآمدات مستقبل میں صنعتی پیداوار اور برآمدات کے لیے مثبت اشارہ ہیں تاہم صارفین کی اشیا کی زیادہ درآمدات تجارتی خسارے میں اضافے کا باعث بن سکتی ہیں۔
پی ٹی ای اے نے کہا کہ پاکستان کی برآمدات میں پائیدار ترقی کے لیے برآمدی شعبے کے بنیادی مسائل جن میں توانائی کی لاگت، ٹیکس ریفنڈز، لاجسٹکس اور پالیسیوں میں تسلسل شامل ہیں، مستقل بنیادوں پر حل کرنا ضروری ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








