جنوبی افریقا کی دھرتی ایک بار پھر پاکستانیوں کے خون سے سرخ ہو گئی ہے جہاں پیش آنے والے ایک انتہائی دل دہلا دینے والے اور اندوہناک فائرنگ کے واقعے میں پنجاب کے ضلع منڈی بہاؤ الدین سے تعلق رکھنے والے دو سگے بھائیوں سمیت چار پاکستانی شہری بے دردی سے قتل کر دئیے گئے ہیں۔ اس المناک واقعے کے بعد مقتولین کے آبائی علاقوں میں شدید صفِ ماتم بچھ گئی ہے۔
ملاقاتی اور خاندانی ذرائع نے اس سانحے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ اس بربریت کا نشانہ بننے والوں میں ساجد احمد اور ظفر احمد نامی دو سگے بھائی بھی شامل ہیں جن کا تعلق ضلع منڈی بہاؤ الدین کے معروف گاؤں بلہڑ سے تھا۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق مجموعی طور پر اس اندوہناک واقعے میں جان کی بازی ہارنے والے چاروں مقتولین میں سے تین افراد کا تعلق ضلع منڈی بہاؤ الدین سے ہے جبکہ ایک بدقسمت شہری کا تعلق ضلع سیالکوٹ سے بتایا جا رہا ہے۔
یہ ہولناک واقعہ اس وقت پیش آیا جب یہ چاروں محنتی پاکستانی شہری اپنی دکان بند کر کے رات کے وقت اپنے گھر کی طرف روانہ ہورہے تھے کہ راستے میں گھات لگائے نامعلوم مسلح ملزمان نے ان پر انتہائی بے دردی سے اندھا دھند گولیاں برسا دیں۔اس بزدلانہ حملے کے نتیجے میں چاروں بدقسمت پاکستانی موقع پر ہی جان کی بازی ہار گئے۔
جنوبی افریقا کی مقامی پولیس نے اس اندوہناک قتلِ عام کا باضابطہ مقدمہ درج کر کے واقعے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے تاہم افسوسناک امر یہ ہے کہ تمام تر وششوں کے باوجود تاحال کسی بھی نامعلوم قاتل یا ملزم کی گرفتاری عمل میں نہیں آ سکی ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








