وفاقی حکومت نے ترقیاتی منصوبوں پر 916ارب خرچ کردئیے

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو: آن لائن)

اسلام آباد: وفاقی حکومت نے مالی سال 26-2025 کے دوران ترقیاتی منصوبوں پر 916ارب روپے خرچ کردئیے، ترقیاتی فنڈز کے استعمال کے اعدادوشمار سامنے آگئے۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت نے ترقیاتی منصوبوں پر 1 ہزار ارب روپے کے اخراجات کا ہدف مقرر کیا تھا جبکہ اعدادوشمار سامنے آنے کے بعد 84ارب روپے کم اخراجات کیے جانے کا انکشاف سامنے آیا۔

سرکاری دستاویز کے مطابق وفاقی حکومت کی 33 وزارتوں اور ڈویژنز میں 611 ارب روپے کے ترقیاتی فنڈز کا استعمال کیا گیا جبکہ اراکین پارلیمنٹ کی ترقیاتی اسکیموں پر 59 ارب 43کروڑ روپے کے اخراجات ہوئے۔

دستاویز کے مطابق صوبوں اور خصوصی علاقوں میں ترقیاتی منصوبوں پر 192 ارب 55 کروڑ روپے کے اخراجات ہوئے، جبکہ پانی سے متعلق منصوبوں پر 137 ارب 49 کروڑ روپے خرچ کیے گئے۔

اعدادوشمار کے مطابق پاورڈویژن سمیت کارپوریشنز  میں 304 ارب 91 کروڑ روپے کے اخراجات ہوئے، جن میں این ایچ اے کے 182 ارب جبکہ این ٹی ڈی سی اورپیپکو کے 122 ارب 55 کروڑ روپے بھی شامل ہیں۔

اس کے علاوہ ،اعلیٰ تعلیم کے ترقیاتی منصوبوں پر 34 ارب 89 کروڑ، وفاقی تعلیم پر 27 ارب جبکہ قومی صحت کے منصوبوں پر 13 ارب روپے کے اخراجات ہوئے۔ وزارتِ داخلہ کے ترقیاتی منصوبوں پر 15 ارب 23 کروڑ،آئی ٹی منصوبوں پر 9 ارب 36 کروڑ، دفاع ڈویژن پر 8 ارب اور پلاننگ ڈویژن نے 19 ارب روپے خرچ کیے۔

تشویشناک طور پر گزشتہ مالی سال کے دوران  وزارتِ مذہبی امور نےکوئی ترقیاتی فنڈ استعمال نہیں کیا،ہاؤسنگ کے منصوبوں پر 13 ارب 93 کروڑ،انڈسٹریز پر 5 ارب 46 کروڑجبکہ موسمیاتی تبدیلی کے ترقیاتی منصوبوں پر 2 ارب 28 کروڑ روپے کے اخراجات ہوئے۔

Related Posts