کراچی کے علاقے شاہ فیصل کالونی میں شہریوں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ایک خاندان کو مبینہ ڈکیتی کا نشانہ بننے سے بچا لیا۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق خورشید کالج کے سامنے مسلح افراد کی جانب سے فیملی کو لوٹنے کی کوشش اہل محلہ کی مزاحمت کے باعث ناکام ہوگئی جبکہ ایک مبینہ ڈاکو عوام کے ہاتھوں پکڑا گیا۔
ذرائع کے مطابق واقعہ شاہ فیصل کالونی خورشید کالج کے بالکل سامنے پیش آیا جہاں دو مسلح ملزمان مبینہ طور پر ایک فیملی سے لوٹ مار کرنے کی کوشش کر رہے تھے۔ صورتحال دیکھ کر موقع پر موجود شہریوں نے شور مچایا اور مزاحمت شروع کر دی جس پر ایک ملزم فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا جبکہ دوسرے کو شہریوں نے قابو کر لیا۔
شاہ فیصل کالونی کے رہائشیوں نے ملزم کو پکڑ کر شاہ فیصل تھانے کی پولیس کے حوالے کر دیا جس کے حوالے سے کہا جا رہا ہے کہ پکڑا گیا ملزم لانڈھی کا رہائشی ہے۔
پولیس کے حوالے کیے گئے ملزم سے مزید تفتیش کی جا رہی ہے تاکہ واقعے کے تمام پہلوؤں اور ممکنہ ساتھیوں کے بارے میں معلومات حاصل کی جا سکیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








