اسلام آباد: وفاقی حکومت ڈیلرز مارجن 8فیصد کرنے پر غور کرے گی، جس کے نتیجے میں پیٹرولیم مصنوعات ایک بار پھر مہنگی ہونے کا خدشہ ہے۔ وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کے وفد کو یقین دہانی کرادی۔
تفصیلات کے مطابق وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک سے پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کے وفد کی ملاقات ہوئی۔ ملاقات کے دوران پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے طریقہ کار اور اصلاحات کے حوالے سے گفتگو ہوئی۔
وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک سے ملاقات کے دوران پیٹرولیم ایسوسی ایشن کے وفد نے پیٹرولیم مصنوعات کی بلاتعطل فراہمی پر حکومت کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ مصنوعات کی قلت کے باوجود حکومت نے ایندھن کی فراہمی کا عمل مؤثر انداز میں برقرار رکھا ہے۔
ملاقات کے دوران وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یومیہ پیٹرولیم قیمتوں کے نئے نظام کو 7روزہ رولنگ ایوریج پر مبنی بنایا گیا ہے۔ ہفتہ وار قیمتوں کا سابقہ نظام بھی 7روزہ اوسط پر منحصر تھا۔
علی پرویز ملک کا کہنا تھا کہ یومیہ قیمتوں کے نظام سے مارکیٹ میں بگاڑ اور ذخیرہ اندوزی کی حوصلہ شکنی ممکن ہوگی۔ اس موقعے پر پیٹرولیم ڈیلرز نے مطالبہ کیا کہ او ایم سیز اور ڈیلرز کے مابین ضوابط کی تیاری کے عمل میں ڈیلرز کو شامل کیا جائے۔
اس موقعے پر وزیر پیٹرولیم نے یقین دہانی کرائی کہ نہ صرف قواعد و ضوابط کی تیاری میں ڈیلرز کی رائے شامل کی جائے گی بلکہ ڈیلرز مارجن 8فیصد کرنے کے مطالبے پر غور کرنے کی بھی یقین دہانی کرائی۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








