اسلام آباد: محکمہ موسمیات نے آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران بلوچستان، خیبرپختونخوا، جنوبی پنجاب اور بالائی سندھ میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی ہے۔
گلگت بلتستان، کشمیر اور ملحقہ پہاڑی علاقوں میں چند مقامات پر تیز ہواؤں/ آندھی اور گرج چمک کے ساتھ موسم جزوی طور پر ابر آلود رہنے کا امکان ہے۔
پی ایم ڈی نے خبردار کیا ہے کہ 25 تا 27 اپریل تک بلوچستان میں موسلادھار بارش نوشکی، چاغی، خاران، تربت، کیچ، گوادر، آواران، زیارت، پشین، ہرنائی، ژوب، بارکھان اور نصیر آباد میں سیلاب کا باعث بن سکتی ہے۔
دیر، سوات، چترال، مانسہرہ، کوہستان اور کشمیر میں 27 اور 28 اپریل کو موسلادھار بارش سیلاب کا سبب بن سکتی ہے۔
بالائی خیبرپختونخوا، مری، گلیات، کشمیر اور گلگت بلتستان میں لینڈ سلائیڈنگ کا امکان 27 سے 29 اپریل تک خطرناک مقامات کو متاثر کرسکتا ہے۔
محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ آندھی / ژالہ باری اور آسمانی بجلی اس عرصے کے دوران انسانی زندگیوں، کھڑی فصلوں، ڈھیلے ڈھانچے جیسے بجلی کے کھمبے، گاڑیاں اور سولر پینل وغیرہ کو متاثر کرسکتی ہے۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک جبکہ جنوبی علاقوں میں گرم رہا۔
بالائی خیبرپختونخوا، اسلام آباد، کشمیر اور ملحقہ پہاڑی علاقوں میں چند مقامات پر تیز ہواوٴں/آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی۔